بھٹکل میں آئی این ایف دفترکے ساتھ نئی جنازہ وین کا عمل میں افتتاح ، اندرونِ ہند جماعتوں کے سرپرستوں کو پیش کی گئی تہنیت

بھٹکل 20؍جون 2024 (فکروخبرنیوز) بیرونِ بھٹکل اندرونِ ہند کی آٹھ جماعتوں پر مشتمل ادارہ آئی این ایف کے دفتر کا افتتاح اہم شاہراہ رنگن کٹے مولانا بنگلہ کے بالمقابل واقع عمارت میں قاضی صاحبان کے ہاتھوں آج بعد عصر عمل میں آیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی این ایف کی جانب سے عطیہ شدہ جنازہ وین مجلس اصلاح وتنظیم کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں آئی این ایف کی آٹھ جماعتوں کے وہ افراد جنہوں نے اپنی اپنی جماعت کے لیے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں ان کی تہنیت کی گئی۔

قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے حدیث شریف کے حوالے سے کہا کہ جب تک بھائی اپنے بھائی کی مدد میں رہتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی مدد میں رہتا ہے۔ اسی لیے خدمتِ خلق ایک ایسی خدمت ہے جس کے ذریعہ دشمنوں کے بھی دل جیتے جاسکتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ خدمت گزاروں کی عزت افزائی دراصل ان کی زندگی ہی میں ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور نئی نسل کے لیے ایک خاموش پیغام ہے جس کے ذریعہ ان کے اندر بھی قوم و ملت کی خدمت کا جذبہ موجزن ہوتا ہے۔

قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ جن کی خدمت میں آج تہنیت پیش کی گئی ان میں ایک بڑی تعداد وہ تھی جنہوں نے قوم وملت کے لیے ریاء و نمود کے بغیر خاموش خدمت کی ہے۔ ان افراد کی خدمات کو تحریری شکل دے کر مرتب کرنے پر نئی نسل کے لیے ایک مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔

آئی این ایف کے صدر جناب ارشد صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جب ہمارے ممبران بھٹکل تشریف لاتے ہیں تو ان کے آپسی ملاقات اور آئی این ایف کے تحت انجام والے تعلیمی اور سماجی کاموں کی انجام دہی کے لیے ایک آفس کی سخت ضرورت تھی اور آج الحمدللہ ہماری کوششیں کامیاب ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم وملت کے  لیے اپنی زندگی کے بہترین لمحات کو لگانا بڑی قربانی ہے اور ایسے افراد کی عزت افزائی کرنا اور ان کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہمارا حق ہے اور اسی بات کو مدنظر کو رکھتے ہوئے ان کی خدمات کی سراہنا کی گئی ۔

اس موقع پر آئی این ایف کی آٹھ جماعتوں کا مختصراً تعارف ان کی جماعت کے نمائندوں نے پیش کیا اوران جماعتوں کے تحت انجام والی تعلیمی ، سماجی اور دینی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر اندرون ہند جماعتوں کے مندرجہ ذیل سر پرستوں کی عزت افزائی کی گئی۔

مولانا عبد العلیم صاحب قاسمی  (بھٹکل مسلم جماعت ممبئی) ،  جناب آریم سکری صاحب  (مجلس آندھر انوائط)  ،  جناب عبد الرحیم پٹیل صاحب (بھٹکل مسلم اسوسیشن چنی)  ،  جناب مصباح انصار صاحب  (بھٹکلی جماعت مسلمین مینگلور) ،  جناب عبد الرحیم دامودی صاحب  (بھٹکل مسلم جماعت مینگلور)  ،  جناب شاہ بندری محمد ابراہیم صاحب (بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ)  ،  جناب سید ابو بکر باشاہ صاحب (بھٹکل مسلم اسوسیشن کو لکتہ)۔

Share this post

Loading...