بھٹکل 25؍ جون 2022(فکروخبرنیوز) ان دنوں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے۔ غریب کو دووقت کی روٹی ملنا مشکل تو متوسط طبقہ روزانہ کے اخراجات برداشت نہیں کرپارہا ہے ۔ ایسے میں جب شادی جس کو آسان بنانے کا حکم دیا گیا ہے لوگوں نے نت نئے رواج سے اسے اور مشکل بنادیا ہے جس کے اثرات معاشرہ پر مرتب ہورہے ہیں۔ ان حالات میں شادی کو آسان بنانے اورغریب اور متوسط خاندانوں کے لیے اس کے انتظامات کرنے کے لیے کسی نہ کسی فلاحی اور سماجی ادارہ کا سامنے آنا ناگزیر ہے۔
مشہور عالمِ دین اور سنہ ایجوکیشنل اینڈ چاریٹیبل ٹرسٹ کے بانی مولانا محمد ایوب ندوی نے فکروخبر کو بتایا کہ شادی کے لیے بعض حضرات غربت کی وجہ سے قرض لے کر نکاح کرنے پر مجبور ہوتے ہیں اور بعض حضرات تنگدستی کی وجہ سے نکاح کو تاخیر کرتے ہیں ، اس بناء پر ان کے ادارہ نے نکاح کی سنت کو آسان بنانے کے لیے اہلِ خیر حضرات کے تعاون سے اجتماعی نکاح کا پروگرام رکھنے کا ادارہ کیا ہے جس میں حصہ لینے والوں کے نکاح ، دعوتِ ولیمہ ، شادی ہال وغیرہ اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے ادارے سنہ ایجوکینشل اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہندوستان کے مختلف شہروں اور علاقوں میں خیراتی کام انجام پارہے ہیں جن میں مکاتب و مدارس کا قیام ، بیواؤں اور یتیموں کی کفالت اور مساجد کا تعاون وغیرہ ہیں۔
امید کی جارہی ہے کہ شادی کو آسان بنانے کے مقصد کے تحت اجتماعی شادی کی اس کوشش سے عوام کا بڑا طبقہ ضرور فائدہ اٹھائے گا۔
مزید تفصیلات کے لیے ان نمبرات پر رابطہ کریں۔
مولانا محمد ایوب ندوی : 9972818903
مولانا محمد صالح ندوی : 9620198438
مولوی اقبال احمد بنگالی : 9916067746
Share this post
