بھٹکل ہائے وے کا نقشہ پھر بدلا، اب فلائی اوور کے تعمیراتی منصوبہ میں تبدیلی ، مسئلہ حل کرنے کے لیے تمام مذاہب کے ذمہ داران کی میٹنگ ، خصوصی کمیٹی تشکیل

bhatkal highway, bhatkal nh 66, meetting at ib,

بھٹکل 25؍ جنوری 2022(فکروخبرنیوز) شہر میں گذشتہ کئی سالوں سے اہم شاہراہ 66 کا کام جاری ہے ، ابھی اس کام کی تکمیل میں مزید کتنا وقت لگے گا اس کا اندازہ بھی لگانا دشوار ہے کیونکہ ہائے کے تعمیراتی منصوبہ میں ہونے والی تبدیلی سے اب عوام کی پریشانیاں مزید بڑھنے لگی ہیں۔

آج آئی بی میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہر کے ذمہ داران کی ایک مشترکہ نشست منعقد کی گئی جس میں ذمہ داران نے بتایا کہ انہیں یہ خبر ملی ہے کہ بھٹکل میں شمس الدین سرکل پر تعمیر ہونے والے فلائی اوور کا نقشہ بدل گیا ہے۔ ان کی معلومات کے مطابق پہلے اس فلائی اوور کو ستونوں پر تعمیر کیے جانے کو منظوری ملی تھی ، اب اس میں تبدیلی کرتے ہوئے مٹی سے بھر کر مکمل بند دیوار کا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ اس بات پر ذمہ داران نے سخت حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پہلے منظور شدہ (ستونوں پر تعمیر فلائی اوور) منصوبے پر عمل درآمد کرنے کے لیے جلد اقدامات کرنا طئے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ بند دیوار کے فلائی اوور سے شہر مشرق اور مغرب دو حصوں میں تقسیم ہوجائے گا اور یوں بس اڈے سمیت دیگر جگہوں پر جانے کے لیے عوام کو فلائی اوور کا ایک لمبا چکر کاٹنا پڑے گا۔ اس طرح ساگر روڈ اور بندرروڈ سے اپنی مخالف سمت جانے کے لیے بھی سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے۔

میٹنگ میں ایک کمیٹی کی تشکیل دی گئی جو ایم ایل اے ، ایم پی اور مختلف وزراء سے ملاقات کرکے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ میٹنگ میں اس بات پر زیادہ زور دیا گیا کہ اس مسئلہ پر جتنا جلد ہوسکے ، اقدامات کیے جائیں اور اس کے لیے بھٹکل ایم ایل اے کا خصوصی تعاون بھی حاصل کیا جائے۔

میٹنگ میں مختلف اداروں اور تنظیموں کے کارکنان اور ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...