بھٹکل 19/ ستمبر 2019(فکروخبر نیوز) ہیسکام کی جانب سے بل ریڈنگ لیے مقررہ وقت کے دس پندرہ دنوں کے بعد آنے کی سزا بھٹکل کے بعض علاقوں کے عوام بھگت رہے ہیں۔ مریم علی مسجد کے آس پاس کے مکینوں نے آج ہیسکام دفتر پہنچ کر اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ سے ملاقات کرتے ہوئے بل ریڈنگ کے لیے مقررہ وقت گذرنے کے بعد آنے کی وجوہات پوچھی اور اگلے ماہ سے مقررہ وقت پر بھیجے جانے کا مطالبہ کیا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر ماہ 5سے سات تاریخ کے درمیان بل ریڈنگ کے لیے ہیسکام کی طرف سے آنے والا شخص اپنی مقررہ تاریخ کے دس پندرہ دنوں کے بعد میٹر ریڈنگ کے لیے آ رہا ہے اور ظاہر ہے کہ جتنے دن بعدکی ریڈنگ کی شمار کی جائے گی، بل اتنا ہی زیادہ آئے گا۔کیونکہ ہیسکام کی جانب سے یونٹوں پر مقررہ وقت گذر جانے بعد زیادہ قیمت گاہک سے وصول کی جاتی ہے۔
جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے فکروخبر کو بتایا کہ ہیسکام کی غلطی کی سزا لوگوں کو بھگتنی پڑرہی ہے اور زائد میٹر ریڈنگ کی بار عوام کے سر ڈالا جارہا ہے۔ ظاہر ہے کہ جب دس سے پندرہ روز زائد ہوجائیں گے تو اتنا بل زیادہ آئے گا۔ انہو ں نے ہیسکام کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ مقررہ تاریخ پر ہی بل دیا جائے اور جو اس طرح کرکے عوام کا نقصان کررہے ہیں،ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
افسران نے معاملہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر مولانا اسامہ صدیقی ندوی اور دیگرمحلہ کے ذمہ داران موجود تھے۔
Share this post
