بھٹکل 04؍ اگست 2018(فکروخبر نیوز) ماہِ اگست کے شروع ہوتے ہی شہر میں بائک سواروں کے لیے ہیلمٹ کو لازمی قرار دئیے جانے کے بعد ہر ایک کی زبان پر اب ہیلمٹ ہیلمٹ ہے ۔ نکڑوں پر اور آپسی ملاقات کے دوران اب ہر کوئی ہیلمٹ کا تذکرہ کرتا نظر آرہا ہے ۔ پچھلے دو تین دنوں سے پولیس کی جانب سے کی جانے والی چیکنگ سے لوگ پریشان ہوگئے ہیں اور ہیلمٹ کے بغیر نکلنے پر خطرہ محسوس کررہے ہیں۔ پولیس نے بھی اس کو سختی سے لاگو کرنے کے لیے جگہ جگہ چیکنگ سینٹر قائم کیے ہیں جو بائک سواروں پر ہر وقت نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اب عوام کے لیے گھروں میں بحفاظت رکھے گئے ہیلمٹ کی دھول ہٹانی اب اس ضروری ہوگیا ہے پولیس نے اہم شاہراوں کے ساتھ گلیوں کی سڑکوں پر بھی چیکنگ میں تیزی لائی ہے جس سے اب بائک سواروں کو بنا ہیلمٹ کے باہر نکلنا ہی دشوار ہوگیا ہے۔ ہیلمٹ کے لازمی قرار دئیے جانے کے بعد اب اہم شاہراوں کے کنارے ہیلمٹ کی عارضی دکانیں بھی نظر آرہی ہیں اور ہردکانوں پر بائک سوار ہیلمٹ خرید رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پچھلے دنوں جے آئی سی بھٹکل یونٹ کی جانب سے روڈ سیفٹی کو لے کر محکمۂ پولیس کے اشتراک کے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے بعد جے آئی سی شہر بڑھتے حادثات کو دیکھتے ہوئے یہاں پر ہیلمٹ کو لازمی قرار دئیے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
Share this post
