بھٹکل : ہیبلےپنچایت حدود میں چیتے کا خوف ، عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

بھٹکل 13 جنوری 2024 (فکرو خبر نیوز) شہر کے ہیبلے گرام حدود کے کوکنیر علاقہ میں چیتے دکھائی دینے کی خبر وائرل ہونے کے بعد عوام میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ 
پنچایت ممبر سید علی نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ طلحہ کالونی کے پیچھے (جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد کے پیچھے)  کے علاقہ کوکنیر میں چند لوگوں نے چیتا دیکھنے کا  دعویٰ کیا ہے۔ دراصل اس علاقہ میں ایک خاتون کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھی اس دوران وہاں موجود چند لوگوں کے مطابق انہوں نے چیتا دیکھا۔ خبر وائرل ہوتے ہی آس پاس کے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایات دی گئیں ہیں۔ طلحہ کالونی کے ایک ذمہ دار کے مطابق انہوں نے عوام کو اپنے اپنے گھروں میں رہنے کے لیے اعلان کیا ہے۔ 
کوکنیر میں موجود کچھ لوگوں سے بذریعہ فون گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق محمکہ جنگلات کے اہلکار وہاں پہنچ چکے ہیں اور لوگوں سے ضروری معلومات حاصل کررہے ہیں۔
سماجی کارکنان نے عوام سے گذارش کی ہے کہ خصوصا رات میں مچھلیاں شکار کے لیے جانے والے احباب حنیف آباد سے متصل سڑک بالکل استعمال نہ کریں اور جب تک محکمہ جنگلات کی جانب سے کسی طرح کا بیان سامنے نہیں آتا اس وقت کوکنیر اور اس کے آس پاس کی سڑکیں آمدورفت کے لیے بالکل استعمال نہ کی جائے۔

Share this post

Loading...