بھٹکل 20؍ مارچ 2023 (فکروخبرنیوز) حنیف ویلفیر ایسوسی ایشن کی جانب سے کل بروز اتوار مسجد عمیر حنیف آباد کے احاطہ میں جلسہ استقبالِ رمضان ومظاہرہ قرأت کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمانانِ خصوصی نے رمضان المبارک کے پوری تیاری کے ساتھ استقبال کرنے اور اعمالِ صالحہ کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کرائی تو دوسری طرف بھٹکل سمیت گجرات ، لکھنو اور کیرالہ سے تشریف لانے والے قراء اور نابینا حفاظ نے اپنے بہترین آواز کے ذریعہ سامعین کے دلوں کو مسحور کردیا۔
مہمانِ خصوصی صدر جمیعت الحفاظ مولانا نعمت اللہ ندوی نے کہا کہ رمضان کی آمد پر اعمال کا ثواب بڑھا دیا جاتا ہے لیکن ہمارا حال یہ ہے کہ یہ چیزہمارے ذہن ودماغ میں اس لیے نہیں اترتی کہ یہ ہمارے نظروں سے اوجھل ہے۔ آج بھی اگر یہ اعلان کیا جائے کہ اس ثواب کی طرح اعمالِ صالحہ کرنے والوں میں پیسے تقسیم کیے جائیں گے تو مسجدیں بھر جائیں اور لوگ قطار میں کھڑے ہوجائیں۔ مولانا نے سبعہ وعشرہ قرأت کے سیکھنے کی طرف بھی حاضرین کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ آپ کو حیرت ہوگی کہ جب آپ نے آج ایک الگ قرأت سنی۔ شاید آپ کو یہ گمان ہوجائے کہ قاری صاحب نے غلط پڑھا ہوگا لیکن یہ چیزیں ہمیں تعجب میں اس وجہ سے ڈالتی ہیں کہ اس کا علم ہمیں نہیں ہے ۔ لہذا ہمیں اس طرف بھی توجہ دینی ہے اور اپنے بچوں کو بھی اس طرح کی قرأت سکھانی ہے۔
مہمانِ خصوصی ونائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی نے کہا کہ رمضان کے معنی ہی جھلسانے دینے کے ہیں لہذا رمضان میں عبادت کے لحاظ سے خود کو تھکانے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ اسلاف نے رمضان گذارنے کے نمونے ہمیں دکھلائے لیکن ہمیں اب رمضان کا صحیح استقبال کرتے ہوئے اپنے آپ کو رمضان کے تعلق سے فکر مند اور عبادت میں مشغول کرنا ہے۔ سب سے بڑی بات اپنے آپ کو گناہوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ مولانا نے حالات کے تناظر میں کہا کہ ہمیں خوش فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمارے لیے یہ بات لمحۂ فکریہ ہے کہ اب عقائد میں بھی بگاڑ پیدا ہورہا ہے۔ آج ملک میں کئی لوگ ایسے سامنے آگئے ہیں جو طرح طرح کے دعوے کررہے ہیں۔ یہ بات ہمیں سوچنے کی ہے کہ جب پڑوسی کے گھر آگ لگتی ہے تو ہمارا بھی یہ گھر اس کی زد میں آسکتا ہے۔ لہذا ہمیں پہلے فکرمند رہنا چاہیے۔
حنیف ویلفیر کے جنرل سکریٹری مولانا سید احمد ایاد نے مہمانوں کا استقبال اور جلسہ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان میں نمازوں کی پابندی کے ساتھ تراویح کا اہتمام کرنے اوردعا و ذکرواذکار کی پابندی کرنے کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کرائی۔ مولانا نے رمضان میں اپنے اوقات کو لایعنی باتوں اور چیزوں سے دور رکھتے ہوئے اعمالِ صالحہ میں گذارنے کی ترغیب دی ۔ اسی طرح انہوں نے حنیف اًباد اور اس سے متصل علاقوں کی چھ مساجد عمیر ، منیری ، صحابہ ، فاطمہ اور طلحہ کے شبینہ مکاتب کے طلبہ کے لیے رمضان المبارک کی مناسبت سے تیار شدہ چارٹ میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والوں کے لیے بطورِ انعام چھ سائیکلیں تقسیم کیے جانے کا بھی اعلان کیا۔
مظاہرہ قرأت میں قاری عبدالباری فلاحی بیلگامی ( استاد تجوید و قرات دارالعلوم فلاح دارین ترکیسر گجرات ) ، قاری عبدالحق لاجپوری (استاذ تجوید وقرات جامعہ القرأت کفلیہ ضلع سورت گجرات ) ، مولانا ابرار الحق اسحاق پٹیل خان پوری
حافظ احمد بن اسحاق پٹیل خان پوری سورت (نابینا) ، عبدالرحمن صدیقی فرقانی لکھنو ( نابینا) ، محمد غفران صدیقی فرقانی لکھنو (نابینا) ، محسن مبارک متعلم الجامعہ الکوثریہ۰ کیرلا کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے قاری احمد صاحب رکن الدین اور دیگر نے بھی اپنی قرأت کا مظاہرہ پیش کیا۔
نظامت کے فرائض مولوی ماعز حسن ایم جے ندوی اور مولوی ابوالحسن ایس ایم ندوی نے انجام دیئے اور مولانا عرفان ایس ایم کی دعا پر جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
Share this post
