بھٹکل18؍ جون 2022(فکروخبرنیوز) نپور شرما اورنوین جندال کی جانب سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کیے جانے کی وجہ سے صرف ہندوستان کے نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو دلی تکلیف ہوئی ہے جس کا اظہار لوگ اپنی اپنی طرح سے کررہے ہیں۔
بھٹکل میں محکمۂ پولیس کی باتوں کو دھیان رکھتے ہوئے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے مساجد اور دیگراداروں کے ذمہ داران کی موجود گی میں منی وھادن سودھا کے احاطہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے آج صدر جمہوریہ ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ کے نام ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے نبی کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن حامئی مسلمین کے صدر اور ایڈوکیٹ مزمل قاضیا نے کہا کہ نپور شرما اور نوین جندال کی جانب سے جو نبی کی شان میں گستاخی کی کوشش کی گئی ہے اس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ہماری ایک دعوت پر بڑی تعداد جمع ہوسکتی ہے لیکن ہم نے آج امن وامان کی فضا برقرار رکھنے اور حالات کو دیکھتے ہوئے صرف اداروں کے ذمہ داران کو مدعو کرکے ہم میمورنڈم پیش کررہے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیتِ ہندوستانی ہمارا فرض ہے کہ ہم امن وامان کو قائم رکھیں اور جو لوگ اس میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کہا کہ نبی کی شان میں گستاخی کی وجہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں کا دل چھلنی ہوگیا ہے مولانا نے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد کو پہلی فرصت میں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ انہوں نے مذہبی شخصیات کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف قانون بناکر ایسی حرکتوں پر روک لگانے کی بھی بات کہی۔
جماعت المسمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری و ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے بھی کہا کہ ہم نبی کی شان میں ذرا سی بھی گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔ اس لیے حکومت سے مطالبہ ہے کہ گستاخی کرنے والوں کی گرفتاری کرکے ان کے خلاف کارروائی ہو۔
تنظیم کے میڈیا کورآڈینیٹر ڈاکٹر حنیف شباب نے کہا کہ پورا شہر یہاں امڈ آنا چاہتا تھا لیکن محکمۂ پولیس کی طرف سے ہماری سامنے رکھی گئیں باتیں اور حالات کے مد نظر ہم نے یہاں صرف اداروں کے ذمہ داران کو جمع کیا۔ میمورنڈم کے ذریعہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ نپور شرما اورجندال کے ساتھ جو حرکتیں دیگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ ہم افسران کو یہ اشارہ دے رہے ہیں کہ اگر اس پر کارروائی نہیں ہوئی تو آئندہ پورے شہر اور ضلع کا بہت بڑا جلسہ منعقد ہوسکتا ہے، انہوں نے امید ظاہر ہے کہ افسران ہمیں اس کا موقع نہ دیتے ہوئے نبی کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
Share this post
