بھٹکل : گیس سلنڈر ایجنسیوں کے باہر لمبی قطاریں: کیا پانچ سو روپیے میں ملے گا سلنڈر؟؟

بھٹکل11؍ دسمبر 2023 (فکروخبرنیوز) گیس ایجنسیوں کے باہرآج کل لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں اور اس تعلق سے عوام میں کئی طرح کی غلط خبریں عام ہوچکی ہیں۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ موجودہ پروسیس مکمل کرنے پر پانچ سو روپیے میں سلنڈر دستیاب ہوگا تو کوئی بینک اکاؤنٹ میں حکومت کی جانب سے پیسے جمع کرنے کی بھی بات کہہ رہا ہے۔

دراصل حکومت کی جانب سے کے وائی سی اپڈیٹ کا حکم دیا گیا ہے۔ یعنی آدھار کارڈ اور گیس بُک کے درمیان لنک کیا جارہا ہے اور اس کے لیے جس کے نام پر گیس کنکشن رجسٹرڈ ہے اسے اپنا تھمب بھی دینا ہوگا۔ جس کے بعد آپ کا یہ پروسیس مکمل ہوجائے گا۔

اس تعلق سےعوام میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔  پانچ سو روپیے میں گیس سلنڈر دستیاب ہونے کا معاملہ کرناٹک کا نہیں بلکہ تلنگانہ کا ہے۔ تلنگانہ میں انتخابات سے قبل کانگریس نے وعدہ کیا تھا کہ ان کی پارٹی برسرِ اقتدار آنے پر وہ پانچ سو روپیے میں گیس سلنڈر فراہم کریں گے اور جیسے ہی کانگریس اقتدار پر قابض ہوگئی انہوں نے اپنا وعدہ پورا کردکھایا اور اس کے لیے انہوں نے رجسٹریشن کا ایک پروسیس شروع کیا ہے جس کو مکمل کرنے پر اس کی تصدیق کے لیے انہیں اس کا ایک دستاویز بھی فراہم کیا جارہا ہے جس کو وہاں کی عوام نے سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا ہے۔ اس وائرل تصویر میں آپ صاف طور پر اس میں تیلگو تحریر دیکھ سکیں گے اور تیلگو وہاں کی سرکاری زبان ہے۔ اسی تصویر کو یہاں وائرل کرکے لوگوں میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

کے وائی سی مکمل کرنے کے لیے عوام ٹوٹ پڑی ہے۔ فکروخبر نے جب رفعت ایجنسی کے ذمہ داران سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اس کے لیے حکومت نے کوئی وقت اب متعین نہیں کیا ہے ۔ فی الحال سَروَر ڈاؤن ہونے کی  وجہ سے کام تیزی کے ساتھ نہیں ہورہا ہے۔

عوام اس سلسلہ میں پھیلائی جارہی غلط افواہوں پر دھیان نہ دیں اور کے وائی سی کے لیے ابھی ڈیڈ لائن (آخری تاریخ) کا بھی اعلان نہیں ہوا ہے۔ لہذا اس سلسلہ میں عوام صبر سے کام لیں اور اس پروسیس کو پوری آسانی کے ساتھ مکمل کریں۔  

Share this post

Loading...