بھٹکل : بیٹی کی شادی کے دو روز بعد والد لاپتہ ، پولیس تھانہ میں شکایت درج

بھٹکل : یکم ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) اپنی بیٹی کی شادی کی دو روز بعد والد پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ہے۔ پریشان اہلِ خانہ نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ ان کے والد جمعرات کی شام سے لاپتہ ہیں۔ گمشدہ شخص کی شناخت محمد رضوان مقیم طلحہ کالونی ، حنیف آباد بھٹکل عرف کارپینٹر رضوان کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ محلہ والوں نے فکروخبر کو بتایا کہ پیر کے روز ان کے یہاں بیٹی کی شادی ہوئی اور اس کے بعد سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا۔جمعرات کے روز شام چھ بجے اپنے گھر سے تیس ہزار کی رقم لے کر بذریعہ اسکوٹر روانہ ہوئے۔ گھر والوں کے مطابق رات دیر گئے تک واپس نہ آنے سے انہیں تشویق لاحق ہوئی اور کئی احباب سے رابطہ بھی کیا گیا لیکن کہیں ان کا پتہ نہیں چلا۔ صبح ہوتے ہی محلہ میں یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور سبھوں نے ان کی تلاش شروع کی لیکن کہیں پر بھی ان کا پتہ نہیں چلا۔ ان کی موٹر سائیکل تینگن گنڈی روڈ پر علی میاں کراس پر ملی ہے۔ گھروالوں نے کافی انتظار کے بعد اب پولیس تھانہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔

Share this post

Loading...