بھٹکل : یکم مئی 2022(فکروخبرنیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران نے پریس میٹ کے ذریعہ اس بات کی جانکاری دی ہے کہ امسال عیدالفطر سے متعلق عیدگاہ اور جلوس سے متعلق ذمہ داریاں عید گاہ کمیٹی نے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کو دی ہیں ۔ اس لحاظ سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے۔
فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمن رکن الدین نے بتایا کہ عید الفطر کی نماز عیدگاہ میں پونے آٹھ بجے ادا کی جائے گی اور جامع مسجد سے جلوس سوا سات بجے نکلے گا جو محمد علی روڈ اور مین روڈ سے ہوتے ہوئے عیدگاہ پہنچے گا۔ امسال واپسی کا جلوس بھی منظم انداز میں کرنے کے لیے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ عید کے خطبہ کا ترجمہ سننے کے بعد گھر نہ جائیں بلکہ واپسی کے جلوس میں بھی شریک ہوں جو شمس الدین سرکل اور سلطانی اسٹریٹ سے ہوتا جامع مسجد پہنچے گا۔ فیڈریشن کے صدر نے شہر کے اوپری علاقہ میں رہائش پذیر افراد سے گذارش کی وہ واپسی کے جلوس میں شریک ہوں ، انہیں وہاں سے واپسی کے لیے سواریوں کا بھی نظم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جلوس میں کسی بھی طرح کا سیاسی نعرہ سے پرہیز لازمی ہوگا اور اپنے ساتھ جھنڈے بھی لانے کی اجازت نہیں ہوگی ، اسی طرح جلوس کے ساتھ سواریوں کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پارکنگ کے لیے بندر روڈ کے ایک طرف کی سڑک مختص ہوگی اور نور مسجد سے متصل پرانا بس اسٹینڈ میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں سے درخواست کی کہ عید کی رات گاڑیاں تیز نہ چلائیں ، اس سے پہلے بھی ان راتوں میں سڑک حادثات پیش آچکے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ان کے گھر والے بلکہ پورے شہر پر اس کا اثر ہوتا ہے۔ عید کے بعد فجر کی جماعت کی پابندی پر بھی زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مہینہ ہم فجر کی جماعت میں شریک ہوئے ہیں اور اب عید کے بعد خصوصیت کے ساتھ اس نماز کو باجماعت ادا کرنے کی کوشش کریں۔
Share this post
