اسوسی ایشن میں مذاہب اور ذات پات کو لے کر کوئی بھید بھاؤ نہیں : صدر ضلع ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن
بھٹکل 26/ مئی 2020(فکروخبر نیوز) شہر میں صحافتی میدان میں کام کرنے والے احباب سال 1993سے پیارو محبت کے ساتھ رہتے آرہے ہیں۔ ان کے درمیان مذہب اور ذات پات کو لے کر کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے۔ ان باتوں کا اظہار اترا کنڑا ضلع ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر جناب رادھا کرشنا بھٹ نے کیا۔ وہ پیر کے روز بھٹکل تعلقہ ورکنگ اسوسی ایشن کی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ انہوں نے عید الفطر کی مناسبت سے مسلم صحافیوں سے ان کی خوشی میں برابر کے شریک ہونے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سالوں سے ایک ہی گھر کے افراد کی طرح زندگی گذار تے آرہے ہیں اور ہر سال عید کے موقع پر اس طرح جمع ہوکر اپنی خوشیوں کا بھی اظہار کیا جاتا ہے جو آئندہ سالوں میں بھی جاری رہے گا۔اسوسی ایشن کے سابق صدر راگھویندرا ہیبار نے بھی اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمارے تعلقات کئی سالوں سے بہتر چل رہے ہیں اور اس کے ذریعہ سے ہم معاشرہ کو ایک پیغام بھی دے رہے ہیں۔ صحافی ہمیشہ سچائی منظر عام پر لانے کی کوشش کرتا ہے اور اس کے لئے کوششیں ہماری جاری رہیں گے۔
رضا مانوی نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ اس مرتبہ عید الفطر اس طرح نہیں منائی گئی جس طرح مناتے آرہے ہیں۔ رمضان میں بھی عبادت گاہیں بند رہیں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے عید الفطر کی نماز بھی عیدگاہ میں ادا نہیں کی جاسکی۔ انہو ں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس طرح کے حالات پھر پیدا نہ ہوں جن میں اپنی خوشیاں ہی بانٹنے کا موقع نہ مل سکے۔
عنایت اللہ گوائی نے ایک غلط فہمی کا ازالہ کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ کہ ہم لوگ یہ کہتے آرہے ہیں کہ یہ رمضان عید ہے بلکہ صحیح بات یہ ہے کہ اس عید کا نام عید الفطر ہے جو رمضان کے روزے رکھنے کے بعد آتی ہے۔
میٹنگ میں اسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کرتے ہوئے عید الفطر کی مناسبت سے اپنی خوشیوں کا اظہار کیا۔ اس دوران مٹھائیاں تقسیم کرکے محبتیں بانٹیں گئیں۔
Share this post
