بھٹکل 07؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) عید الأضحیٰ کی مناسبت سے آج اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ایک پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیلدار، محکمۂ پولیس ، چیف آفیسر اور کیمونیٹی لیڈران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے کہا کہ ہم اس بات کی کوشش کریں کہ یہ عید ہم حکومتی قانون کے مطابق منائیں گے۔
سرکل انسپکٹر دیوا کر نے کہا کہ اس مرتبہ کچھ قوانین سخت کیے گئے ہیں جن کا پاس ولحاظ رکھنا ہرایک کی ذمہ داری ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اسی طرح شہر کے 70 فیصد سی سی ٹی وی کیمرے ایکٹیو ہیں ، افواہوں پر دھیان دینے کی چنداں ضرورت نہیں ہے، کسی بھی واقعہ کے تناظر میں اگر اونچ نیچ ہوجاتا ہے تو ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مسئلہ کو سمجھنے کی کوشش کریں گے اور غلطی پائے جانے پر اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا مونیٹرنگ کی جارہی ہے ، غلط کمنٹ کسی بھی کیمونیٹی کی طرف سے کیا جائے ہم فوری طور پر اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معاملہ درج کریں گے۔ انہوں نے سالِ گذشتہ ٹیم ورک اور علاقہ وار ذمہ داران بنائے جانے پر محکمۂ پولیس کو ملنے والے تعاون کی سراہنا کرتے ہوئے اس مرتبہ پر گذشتہ سال کی طرف کمیٹیاں تشکیل دینے کی گذارش کی۔ ساتھ ہی فضلہ جات اکٹھا کرنے اور لے جانے میں مکمل احتیاط برتنے کی بھی گذارش کی تاکہ کسی طرح کی بے توجہی سے کتے وغیرہ ان فضلہ جات کو دوسری جگہ نہ ڈال سکیں۔
مسلمان لیڈران نے اپنی طرف سے سبھی طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ، صادق مٹا ، عنایت اللہ شاہ بندری اور دیگر لیڈران موجود تھے۔
Share this post
