بھٹکل 05/ جون 2019(فکروخبر نیوز) شہر میں گذشتہ دو دنوں سے ہورہی بجلی کی آنکھ مچھولی نے عوام کی نیند کے ساتھ ساتھ سکون بھی غارت کردیا ہے۔ گذشتہ دو دنوں سے مسلسل رات کے اوقات میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان عوام کا آج اس وقت غصہ پھوٹا جب عید کی نماز کے جانے سے قبل بھی بجلی نہیں آئی ہے۔ سوشیل میڈیا پر عوام نے اپنے اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ہیسکام افسران کو سخت آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا ماننا ہے کہ مسلمانوں کے تہوار کی آمد کو ہر کسی کو اطلاع ہے لیکن گذشتہ دودنوں سے ہورہی عوامی پریشانیوں کو کوئی نہیں سمجھ میں آرہا ہے۔ پیر کی رات بھی پوری رات بجلی غائب رہنے کے بعد قریب صبح دس بجے کے قریب بجلی آئی اور اسی دن یعنی عید کی رات میں مغرب کی نماز سے فراغت پاتے ہی بجلی چلی گئی۔ عوام نے اس مرتبہ گذشتہ رات ہی طرح اس کو بھی محمول کرتے ہوئے سمجھنے لگے کہ اب بجلی نہیں آئی گی لیکن قریب نو بجے کے قریب بجلی لوٹ آئی تو لوگوں کی جان میں جان آئی اور لوگوں نے عید کی تیاریاں شروع کردیں۔ کچھ حضرات نے بجلی کی آنکھ مچولی کو دیکھتے ہوئے رات ہی میں عید کی تیاریاں شروع کردیں لیکن اکثر حضرات کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب آدھی رات کو بجلی غائب ہوگئی۔ عوام نے کسی طرح کروٹیں بدلتے رات کاٹی اور صبح کی نماز ادا کی لیکن فجر کے بعد جب عید کی تیاریاں زوروشور سے جاری رہتی ہیں۔ اکثر لوگ نہانے سے اسی وقت فارغ ہوتے ہیں اور اپنے اپنے کپڑے بھی اسی وقت استری کیے جاتے ہیں لیکن بجلی نہ ہونے سے عوام سخت پریشان ہوگئے۔ بعض لوگوں نے نمازِ عید کے وقت کے قریب تک بجلی کا انتظار کیا اور عوام کا انتظار، انتظار ہی رہا، بجلی نہیں آئی۔ سوشیل میڈیا پر عوام کا غصہ پھوٹ پڑا ہے اور لوگ اپنی اپنی مختلف آراء کا اظہار کررہے ہیں اور ہیسکام افسران کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
Share this post
