بھٹکل 30؍ اپریل 2022(فکروخبرنیوز) بھٹکل میں امسال عیدالفطر کی دوگانہ عیدگاہ میں ادا کی جائے گی۔ عید کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق عید کی نماز ٹھیک پونے آٹھ بجے مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی کی امامت میں ادا کی جائے گی۔
دو سال کے بعد امسال عیدگاہ میں دوگانہ ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے عائد پابندیوں کے نتیجہ میں ایک سال عید گاہ کی نماز مسجدوں کے ساتھ لوگوں نے گھروں میں بھی ادا کی تھی ۔ پھردوسرے سال محلہ کی مساجد میں عیدکی دوگاہ کا اہتمام کیا گیا اور الحمدللہ امسال عیدگاہ میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے تیاریاں زوروں پر چل رہی ہیں۔
شہرِ بھٹکل میں ایک ہی عیدگاہ ہے جہاں شہر بھر کے مسلمان عید کی نماز کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اس صورت میں عیدگاہ میں جگہ ناکافی ہوجاتی ہے۔ امسال عید گاہ سے متصل اسکول کا گراؤنڈ بھی نمازیوں کے لیے کھولا جائے گا جہاں صفوں کے لیے لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ عید گاہ سے نور مسجد جانے کی سڑک ، سونار کیری اور اس سے متصل جگہ بھی نمازیوں سے بھر جاتی ہے۔
جامع مسجد بھٹکل سے جلوس سوا سات بجے نکلے گا جو چوک بازار ، محمد علی روڈ ، مین روڈ سے ہوتا ہو بھٹکل عید گاہ پہنچے گا۔ واپسی میں شمس الدین سرکل ، سلطانی اسٹریٹ سے ہوتا ہوا جامع مسجد بھٹکل پہنچے گا۔
جامعہ آباد عیدگاہ میں آٹھ بجے ادا کی جائے گی نماز
مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے فیصلہ کے مطابق عید گاہ جامعہ آباد میں مولانا اسحاق صاحب ڈانگی ندوی کی امامت میں نمازِ عید ادا کی جائے جس کے لیے تیاریاں چل رہی ہیں۔
بھٹکل کے مضافاتی علاقوں میں عید کی نماز کا اوقات
امسال مرڈیشور میں تین جگہوں پر عید کی دوگانہ ادا کی جائے گی۔ سرکاری اسکول گراؤنڈ میں نمازِ عید پونے سات بجے ، مسجد حسین میں سات بجے اور عید گاہ میں سوا سات بجے عید کی دوگانہ ادا کی جائے گی۔
منکی میں امسال عیدگاہ میدان میں تعمیراتی کام کی وجہ سے عید کی دوگانہ منکی ہائی اسکول گراؤنڈ میں سوا سات بجے ادا کی جائے گی۔
کمٹہ بازار عیدگاہ میں عید کی نماز نو بجے ادا کی جائے گی۔ ونلی کمٹہ کے ذمہ داران کے مطابق ونلی میں عید کی نماز آٹھ بجے ادا کی جائے گی۔
Share this post
