بھٹکل20؍ اگست 2022(فکروخبرنیوز) مؤرخہ 18؍ اگست بروز جمعرات بھٹکل واطراف کے علاقوں میں تعلیمی میدان میں سرگرمِ عمل ‘‘ مجلس احیاء المدارس ’’ کی جانب سے خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکلی احباب کے اعزاز میں مدرسہ دار التعلیم والتربیہ مخدوم کالونی بھٹکل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ذمہ داران نے مجلس کا تعارف پیش کیا ، مولانا محمد انصار ندوی مدنی نے مجلس کے قیام اور اس کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو فرمائی تو مجلس کے جنرل سکریٹری مولانا شعیب صاحب ندوی نے مجلس کے تحت چلنے والے اداروں کا مکمل تعارف اور معاشرہ میں ان کے مفید نتائج رپورٹ کی شکل میں پیش کیے۔ قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے موجودہ دور میں مدارس ومکاتب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اساتذۂ مدارس اور اہلِ خیر حضرات اور اس سلسلہ میں فکر مند رہنے والوں کے لیے ہمت افزائی کے کلمات پیش فرمائے۔
علماء کرام کے بیانات کے بعد مختلف بیرونی جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مہمانوں نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا جن میں سرِ فہرست بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب فاروق مصبا صاحب ، کنیرا مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب یونس قاضیا اور دیگر ذمہ داران تھے۔
تأثرات میں مہمانوں نے بھٹکل واطراف کے علاقوں میں مجلس احیاء المدارس کی طرف سے تعلیمی میدان میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اپنی طرف سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اخیر میں مجلس کے صدر مولانا محمد ایوب ندوی نے صدارتی کلمات فرمائے اور اساتذہ کی طرف سے مختلف زباوں میں مختلف مضامین پر ترتیب شدہ نصابی کتابوں کا تعارف بھی فرمایا۔
اس پروگرام میں بچوں نے اپنا دلچسپ پروگرام بھی پیش کیا۔
دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
رپورٹ : عبدالواسع پیشمام
Share this post
