بھٹکل کمیونٹی جدہ کی جانب سے مرحوم زاہد رکن الدین (سی اے) کی حیات پر کتاب منظر عام پر

بھٹکل 09؍ ستمبر 2021(فکروخبرنیوز) خلیج میں بھٹکلی احباب کی قائم کردہ جماعتوں کا متحدہ پلیٹ فارم بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی صدارت کے عہدے پر فائز رہتے اپنے مالکِ حقیقی سے جاملنے والے جناب زاہد رکن الدین (سی اے) کی حیات پر بھٹکل کمیونٹی جدہ کی جانب سے ایک شخص ایک انجمن کے عنوان پر ایک کتاب منظرعام  پر آچکی ہے۔ اس کتاب کو عبدالسلام دامداابو نے ترتیب دیا ہے اور نظرِ ثانی مولانا سراج الدین ندوی نے کی ہے۔

اس کتاب میں مختلف اداروں ، ذمہ داران اور چنیدہ افراد کے بیس مضامین موجود ہیں جنہیں پڑھنے سے ان کی زندگی کے مختلف گوشے سامنے آتے ہیں۔

بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر جناب عبدالسلام مقدمہ میں تحریر کرتے ہیں۔

ہر انسان میں چند ایسی خصوصیت پائی جاتی ہیں جو اس کو دیگر افراد سے ممتاز ونمایاں کرتی ہں۔ آپ کی شخصیت کا مطالعہ بھی بتاتا ہے کہ آپ میں قیادت کے بہت سارے اوصاف پائے جاتے تھے۔ جن کی وجہ سے آپ نے اپنی ذمہ داریوں کو بحسن وخوبی انجام دیا۔ جن میں سب سے پہلی خصوصیت ذمہ داری کا احساس تھا۔ دوسری صفت معاملات کو سلجھانے میں جس حکمت ودانائی کی ضرورت پڑتی ہے وہ بھی آپ میں بڑی حد تک پائی جاتی تھی۔ تیسری خوبی آپ میں امانت ودیانتداری تھی۔ چوتھی صفت صبروتحمل اور برداشت کی تھی، پانچویں صفت اصول وضوابط کی پاسداری تھی ، چھٹی صفت نوجوانوں کو آگے بڑھانے اور اس کے لیے اپنے عہدوں کو چھوڑ کر دوسروں کو آگے کرنے کی تھی۔

کتاب پر نظر ثانی کرنے والے مولانا سراج ندوی صفحہ 16 پر تحریر کرتے ہیں۔

زاہد صاحب اعلیٰ جدید تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ دینی معلومات کا ذخیرہ بھی اپنے ذہن میں محفوظ رکھتے تھے۔ وہ اعلیٰ عہدہ پر فائز ہونے اور بے پناہ مصروفیات کے باوجود فرائض دینیہ کا اہتمام کرتے۔ اسلامی اخلاق وآداب کا بھرپور خیال رکھتے تھے۔ وہ بہت سے عہدوں اور مناصب پر فائز رہے۔ سی اے ہونے کی وجہ سے ان کے معاشی حالات بھی بہت اچھے مگر سادگی وانکساری ، تواضع وخاکساری ایک لمحہ بھی ان سے جدا نہ ہوتی تھی۔ البتہ خوش لباس اور خوش خوراک ضرور تھے مگر ان کی رفتار وگفتار اور رویہ میں نخوت وکبر کی کوئی جھلک نظر نہ آتی تھی۔

اس کے آگے لکھتے ہیں۔  اللہ نے انہیں بہت سی خوبیوں سے نوازا ، آج وہ ہمارے درمیان نہیں رہے مگر ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

Share this post

Loading...