بھٹکل سرکل پر لہرایا گیا جھنڈا پاکستانی جھنڈا نہیں تھا : اتراکنڑا ایس پی نے کی وضاحت

Bhatkal, Bhatkal circle, shamsuddin circle bhatkal, manka vidya , congress victory,

بھٹکل: 13؍ مئی 2023 (فکروخبرنیوز/وارتا بھارتی کے شکریہ کے ساتھ) بھٹکل ہوناور حلقہ میں کانگریس امیدوار کی جیت کے بعد حامیوں نے بھٹکل شمس الدین سرکل پر سبز اور بھگوا پرچم لے کر کانگریس کی جیت کا جشن منایا۔ تاہم اس جگہ کی تصاویر جلد ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس دعوے کے ساتھ وائرل ہوگئیں کہ لوگ 'مسلم پرچم' اٹھائے ہوئے ہیں اور کچھ نے تو یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے ہیں جو ممکنہ طور پر خطے میں فرقہ وارانہ تقسیم کو جنم دے سکتا ہے۔

وشنو وردھنا این آئی پی ایس، سپرنٹنڈنٹ آف پولس اترا کنڑ ضلع نے واضح کیا ہے کہ حامیوں کے ذریعہ استعمال کیا جانے والا جھنڈا پاکستانی پرچم نہیں تھا، اور یہ درحقیقت ایک مذہبی جھنڈا تھا جسے افراد نے اپنی صوابدید پر استعمال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کوئی شکایت درج نہیں کی گئی اور نہ ہی کارروائی شروع کی گئی کیونکہ موقع پر موجود افسران نے پہلے ہی تصدیق کر دی تھی کہ یہ پاکستانی پرچم نہیں ہے۔

واتا بھارتی سے بات کرتے ہوئے ایس پی وشنو وردھنے نے سوشل میڈیا کے صارفین پر زور دیا کہ وہ افواہیں پھیلانے اور حساس مواد پوسٹ کرنے سے گریز کریں جس سے خطے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  یہ ایک مذہبی جھنڈا تھا، اور یہ پاکستانی جھنڈا نہیں تھا۔ ہم نے اس کی تصدیق کر دی ہے اور ہم سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کوئی ایسی گمراہ کن معلومات شیئر نہ کریں جس سے فرقہ وارانہ بدامنی پھیل سکے۔

بھٹکل مجلس اصلاح و تنظیم کے سیاسی ونگ کے کنوینر عمران لنکا نے مزید کہا کہ "مسلم پرچم" نام کی کوئی چیز نہیں ہے کیونکہ اسلام کا کوئی پرچم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو جشن کی ریلی میں استعمال ہونے والا جھنڈا پاکستانی پرچم نہیں تھا۔ صرف چند شرپسند عناصر جھوٹ پھیلا کر حالات کو فرقہ وارانہ موڑ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کچھ مسلم حامی مقامی ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی تصویر کشی کے لیے سبز جھنڈے لے کر ریلی میں شامل ہوئے تھے کیونکہ ہندو حامی زعفرانی پرچم لے کر آئے تھے۔ درحقیقت اس کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ کانگریس امیدوار کی جیت کو یقینی بنانے میں دونوں برادریوں نے برابر کا کردار ادا کیا ہے۔

Share this post

Loading...