حالات سے مایوس ہونے کے بجائے مسلمان کو شریعت پر مکمل کاربند ہونے کی ضرورت ہے :  بھٹکل میں عید الفطر کے موقع پر مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی کا قوم کے نام خطاب

Bhatkal, Bhatkal Eidul fitr 2022

بھٹکل02؍ مئی 2022(فکروخبرنیوز) حالات سے مایوس ہونے کی مسلمانوں کو ضرورت ہی نہیں ہے۔ وہ تو اللہ کی شریعت کا پابند ہے۔ انسان نے اس بات کی نیت کرلی کہ وہ اپنی زندگی اللہ کی شریعت کے مطابق گذارے گا تو پھر حالات اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ان باتوں کا اظہار قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے عیدگاہ میں دوگانہ کی ادائیگی کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ مولانا نے حدیث کے حوالہ سے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ  علیہ وسلم ہمارے درمیان دو چیزیں چھوڑ کر چلے گئے جس کو تھامے رہنے کے صورت میں گمراہ ہرگز نہیں ہوسکتے۔ ایک اللہ کی کتاب اور دوسری چیز اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ۔ مولانا نے کہا کہ جو دین اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں چھوڑ کر چلے گئے وہی دین آج بھی قرآن و حدیث کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے۔ اللہ نے اس دین پر عمل کرنے پر دنیا اور آخرت دونوں میں سرخروئی کا وعدہ فرمایا ہے۔ اسی دین کی وجہ سے امن ، سکون اور چین دنیا والوں کو نصیب ہوتا ہے، یہ دین دنیا میں اسی لیے آیا ہے کہ دنیا سے فساد اور بگاڑ کا خاتمہ ہوجائے ، امن وامان اور بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے۔ مولانا نے مزید کہا کہ آج کا یہ دن ہمیں یہیں پیغام دیتا ہے کہ ہم آپس کے اختلافات کو دور کریں ، یہاں کی بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو اس ملک کی ترقی چاہتے ہیں ، بھائی چارہ کی فضا میں چین اور سکون کی زندگی گذارنا چاہتے لیکن ہمیں ان کے سامنے اسلامی تعلیمات کو پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ ہم مدتوں سے اس ملک کے باشندے رہے ہیں اور ہم پوری ملی تشخص کے ساتھ یہاں رہیں گے جس کی آزادی ہمارے ملک کا دستور اور قانون بھی دیتا ہے۔

مولانا نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس امت کا مستقبل ہیں لہذا آپ کو شریعت کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے ، کسی اور کے طریقوں کی طرف نظر اٹھاکر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح والدین سے بھی کہا کہ اپنے بچوں کو صحیح نہج پر تربیت کریں ، ان کی مکمل نگرانی کریں ، ان کے اخلاق پر نظر رکھیں ، اس صورت میں یہ اولاد ہمارے دنیا سے جانے کے بعد خیر طلب کرنے والی ہوگی او رہمارے حق میں مغفرت طلب کرے گی۔

یاد رہے کہ جامع مسجد بھٹکل سے جلوس ٹھیک سوا سات روانہ ہوا ، جلوس میں بڑی تعداد میں لوگ تکبیرکہتے ہوئے محمد علی روڈ ، مین روڈ سے ہوکر عیدگاہ پہنچے۔ عیدگاہ میں تاحد نگاہ انسانوں کا سمندر دکھائی دے رہا تھا۔ عید ک دائیں اور بائیں جانب بھی نماز کی ادائیگی کے لیے انتظامات کیے گئے تھے۔ واپسی میں یہ جلوس شمس الدین سرکل اور مین روڈ سے ہوتے ہوئے سلطانی محلہ سے گذر کر جامع مسجد بھٹکل پہنچا۔

Share this post

Loading...