بھٹکل 24؍ نومبر 2018(فکروخبر نیوز) شہر کے اہم اور بنیادی مسائل جلد حل کرنے کے لیے ایم ایل اے سنیل نائک نے آج افسران کو ہدایات دیتے ہوئے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ بلدیہ ہال میں منعقدہ میٹنگ میں جالی پنچایت حدود میں کچرہ نکاسی پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ کچرہ پھینکنے کی وجہ سے گلی کے کتے مزید گندگی پیدا کرتے ہیں، اس لیے اس کو ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ ریت کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سے بات چیت کی لیکن اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ایم سینڈ برآمد کیے جانے کے لیے غوروخوض ہورہا ہے اور اجازت ملنے کے بعد اس پر جلد عمل درآمد ہوگا۔ پینے کا پانی مسئلہ اٹھاتے ہوئے افسران کو ہدایات دی کہ کڈی ونا کٹے ڈیم کی صفائی کی جائے جو کئی سالوں سے نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے وہاں پر پانی کم مقدار میں جمع ہورہا ہے، لہذا اس کی صفائی کی طرف توجہ دیتے ہوئے اس عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ کئی ایک بنیاد مسائل کو حل کرنے پر بحث کی گئی اور انہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔
Share this post
