بھٹکل: 30؍جولائی2018(فکروخبرنیوز) بھٹکل تعلقہ میں سواریوں میں پٹرول بھروانے کے لئے چار پٹرول بنک ہیں جس میں سے صرف ایک ہی میں سی این جی بھروانے کا انتظام ہے ، اور وہاں بھی رکشہ ڈرائیوروں کو گیس بھروانے کے لئے کافی مشکلات کا سامنا ہے ،گزشتہ رات پٹرول بنک میں آٹور کشہ ڈرائیوروں کی ایک جماعت نے پٹرول بنک کا گھیراو کر اپنا احتجاج درج کیا ،ان کا مطالبہ تھا کہ پٹرول بنک میں کئی مہینوں سے سی این جی بھروانے کا ایک بنک خرابی کی وجہ سے بیکار پڑا ہوا ہے ، اور اس پر نو اسٹاک کا بورڈ چسپاں کر اس کی درستگی کی بھی فکر نہیں ہو رہی ،جس سے رکشہ ڈرائیوروں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے ،کئی مہینہ گزرنے کے باجود بھی اس کی مرمت کے لئے کوئی کوشش نہیں کی جارہی ،احتجاجیوں میں سے ایک کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں بھٹکل تحصیلدار کو بھی میمورنڈم پیش کیا گیاتھا لیکن اس معاملہ میں اب تک کوئی کارروائی ہوتی نہیں دکھائی دے رہی ہے ،جس پرپٹرول بنک کے ذمہ داران نے تکنیکی خرابی کا حوالہ دیتے ہوئے معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی،لیکن معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھ گیا،ان کی اس بات سے احتجاجیوں کا غصہ مزید بھڑک گیا اور اس معاملہ میں جلد ایکش لینے کی با ت کرتے ہوئے جلد مسئلہ حل نہ ہونے پر بڑے پیمانہ پر احتجاج کی بات کہی
Share this post
