بھٹکل 30؍ دسمبر 2021(فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول کے اساتذہ کے لیے بیس روز سے جاری تربیتی کیمپ کا آج اختتام کو پہنچا ۔ مولانا مشہود سعدا ندوی نے ان ایام میں اساتذہ کے لیے مختلف ملکوں میں رائج تعلیمی طریقوں پر روشنی ڈالی اوربتایا کہ کس طرح پڑھائی کو بچوں کے لیے دلچسپی کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بچوں کی فطرت کا لحاظ رکھتے ہوئے ان کے لیے دلچسپی کے مواقع فراہم کرنے کی گر بھی بتائے اور طلباء میں نیا جوش اور جذبہ کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ درجات میں ڈسپلن کو قائم رکھنے کے لیے اساتذہ کو چیخنے چلانے کے بجائے طلباء کو مصروف رکھنے کی بات کہی۔ ان کا کہنا ہے کہ طلباء کو مصروف رکھنے سے ان پر اساتذہ کا کنٹرول قائم رہتا ہے۔
اسکول کے اساتذہ نے فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے اس کیمپ کے انعقاد پر بانی وجنرل سکریٹری علی پبلک اسکول مولانا محمد الیاس ندوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کیمپ سے انہیں بہت سی مفید چیزیں سیکھنے کو ملی ہیں اور امید ہے کہ تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے میں اس کیمپ سے انہیں ضرور مدد ملے گی۔
اس موقع پر مولانا محمد الیاس ندوی اور استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد افضل ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مولانا مشہود سعدا کی خدمت میں مولانا محمد افضل صاحب نے مومنٹو پیش کیا اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر مولانا احمد ندوی نے انہیں ہدیہ پیش کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی اوراسکول کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پراسکول کے اکیڈمک ایڈوائزر مولانا عبدالباری ندوی بھی موجود تھے۔
Share this post
