طلباء اساتذہ اور والدین کے احترام کے ساتھ پڑھائی پر اپنی پوری توجہ کریں مرکوز
بھٹکل 29؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز) انجمن پری یونیورسٹی کا آج اکیاون واں خوبصورت سالانہ پروگرام کاانعقاد پی یو کالج کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی نے بطورِ مہمانِ خصوصی کے شرکت کرتے ہوئے طلباء کو کئی اہم باتوں کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی ۔ مولانا نے سب سے پہلے اپنے مقاصد کی تکمیل پر توجہ دینے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پورا کا پورا وقت پڑھائی میں صرف ہونا چاہیے او راس کے لیے جتنی کوششیں کرنی کی ضرورت پڑے اس سے ہمیں پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ مولانا نے کہا کہ ہمیں صرف پاس ہونے کے لیے نہیں پڑھنا ہے بلکہ خود میں صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے اور اس کے لیے ہم پہلے اس بات کی نیت کرلیں ہمیں سو میں سو نمبر حاصل کرنے ہیں تب جاکر ہمیں اسی یا نوے نمبرات حاصل ہوسکتے ہیں۔ مولانا نے درجہ کی حاضری کے ساتھ ساتھ ذہن ودماغ کے ساتھ بھی بچوں کو حاضر رہنے کی ترغیب دلائی، مولانا نے اساتذہ کے ادب کے ساتھ ساتھ والدین کی خدمت پر زور دیتے ہوئے انجمن کے بانیان اور اس کے محسنین کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ہمارا کوئی کام شریعت کے مخالف نہ ہوں اور ہمارے کسی فعل سے اپنا ادارہ بدنام نہ ہو نے پائیں۔ مہمانِ اعزازی جناب محمد مزمل رکن الدین نے بھی طلباء کو پورے لگاؤ کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ سب انجمن کے بانیان اور اس کے محسنین کی کوششیں ہیں جنہو ں نے اس کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا ، انہو ں نے کہا کہ ہر طالب علم کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اعلیٰ مقام حاصل ہوں اس کے لیے ہمیں تعلیمی طور پر پختگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کی ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہمیں اپنی علمی پیاس بجھاتے ہوئے سخت محنت کرنی چاہیے۔
اس موقع پر مختلف میدان میں اپنی نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا اور اساتذہ میں بھی بہتر خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں بھی اعزازات سے نوازا گیا۔
اسٹیج پرانجمن کے صدور وسکریٹری سمیت کالج بورڈ سکریٹری جناب محسن شاہ بندری اور پرنسپال یوسف کولا وغیرہ موجود تھے۔
Share this post
