انجمن کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری کے عہدے پر جناب محمد اسماعیل جوکا کو فائز : جناب شبیر احمد دفعدار اور جناب حافظ ابرہیم کریکال کی خدمات کا اعتراف ، انتظامیہ نشست میں کی گئی تہنیت

بھٹکل11؍اگست 2024 (فکروخبرنیوز) انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کی منعقدہ آج انتظامیہ نشست میں ایڈیشنل جنرل سکریٹری کے عہدے پر محمد اسماعیل جوکاکو کو فائز کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مرکز النوائط کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے وہ انجمن کے انتظامیہ منتخب ہوئے تھے ۔ اسی طرح آج کی انتظامیہ نشست میں 28 سال تک اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے عہدے پر فائز رہنے والے اور کل 35 سال تک انجمن میں اپنی خدمات پیش کرنے والے جناب شبیر احمد دفعدار کی تہنیت کی گئی۔ اسی طرح ساڑھے انتیس سال تک انجمن انجینئرنگ کالج میں بطورِ لکچرار اپنی خدمات پیش کرنے والے جناب حافظ ابراہیم کریکال کی بھی تہنیت کی گئی۔

اس موقع فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے جناب شبیر احمد دفعدار نے کہا کہ کئی سینئرس کی موجودگی میں مجھے ہیڈ ماسٹر کے عہدے پر فائز کیا گیا جس میں مولانا صادق صاحب اکرمی اور ویکٹیش ماسٹرکا بڑا تعاون حاصل رہا اور انہوں نے اس ذمہ داری کی انجام دہی کے لیے مجھے آمادہ کیا جس کے بعد ہی میں نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔ اس اٹھائیس سالہ ہیڈ ماسٹر کی خدمات کے دوران اپنے اپنے دور کے صدور اور سکریٹریس نے ہرطرح سے میرا تعاون کیا۔

جناب حافظ ابراہیم کریکال صاحب نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً تیس سال کی مدت میں مجھے انتظامیہ کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ اسی طرح میرے ساتھیوں نے بھی مجھے ہر طرح سے ہمت افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے نمایاں ترقی کی ہے اور ایسے انجینئرز پیدا کئے ہیں جو عالمی سطح پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ کامیابی صرف میری نہیں بلکہ اس ادارے کی باہمی روح کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ میں اپنے ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں، جن کی حمایت اور دوستانہ رویہ ہر کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ میرے طلباء، ماضی اور حال دونوں، آپ میرے کیریئر کی بنیاد رہے ہیں۔ آپ کی علم کی پیاس، جدید خیالات، اور اعلیٰ معیار کی تلاش نے میرے عزم کو مہمیز دی ہے۔ آپ کو ترقی کرتے، کامیاب ہوتے، اور دنیا میں اپنا نام بناتے دیکھنا میرے کیریئر کی سب سے بڑا انعام ہے۔

اس موقع پر انجن کے صدر جناب یونس قاضیا ، جنرل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری اور دیگر عہدیداران واراکین انتظامیہ موجود تھے۔

Share this post

Loading...