بھٹکل12؍ اگست 2021(فکروخبرنیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے شعبہ انجینئرنگ کے چار طلباء نے ساحل سمندر پرموجود کچرہ صاف کرنے والی مشین تیار کرکے اپنا پروجیکٹ پیش کیا ہے۔ صفوان ابن صادق شیخ ، ارسلان ابن نور محمد ، محمد شارق ابن شبیر مجاوراور مبارک خواجہ ابن آدم شیخ نے اپنے نگران پروفیسر ڈاکٹر پدمیا ایس نائک کی نگرانی میں اس پروجیکٹ کو چار ماہ میں مکمل کیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر پدمیا ایس نائک نے فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء نے بڑی محنت کے ساتھ اس سولار سسٹم والی مشین کو تیار کیا ہے جو رمورٹ کنٹرولر ہے۔ آگے چل کر اسے آٹو میٹیک طریقہ سے بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس مشین کو تیار کرانے میں کل 35 ہزار روپئے خرچ ہوئے ہیں۔ کرناٹکا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے دس ہزار روپئے اسے تیار کرنے کے لیے فراہم کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ذریعہ سے ساحل سمندرپرموجود کچرہ صاف کیا جاسکتا ہے۔ پلاسٹک بوتلیں اور اسی طرح کی دیگر آشیاء بغیر مزدور کے آسانی کے ساتھ صاف کی جاسکتی ہیں۔
مذکورہ طلباء نے فکروخبر کو بتایا کہ ساحل سمندر خصوصی طور پر سیاحت کے مقامات پر یہ مشین بڑی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔اس مشین کو تیار کرنے میں میکرس ہب نے اپنا کلب ہاؤس اور کچھ ضروری اشیاء فراہم کی جس پر ان طلباء نے خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
Share this post
