بھٹکل 30/دسمبر 2019(فکروخبر نیوز) انجمن پی یو کالج بھٹکل کا سالانہ اجلاس کل بروز اتوار انجمن آباد میں منعقد ہوا جس میں مہمانانِ خصوصی و اعزازی نے اپنے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران طلباء کوتعلیمی میدان میں پورے ذوق وشوق کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحت کی۔ ساتھ ہی ثقافتی او رکھیل مقابلو ں میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کے درمیان انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ جلسہ کا آغاز حسن رباح کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اشعر نے نعت پیش کی۔ پی یو کالج کے پرنسپال محمد یوسف کولا نے سال بھر کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔
مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے جلسہ میں شریک ضلع اترکنڑا کے ڈی ڈی پی یو ایس این ہیگڈے نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ روشن مستقبل کے لیے خواب دیکھنے ضروری ہیں اور اس کی تعبیر کے لیے آپ کو مزید محنت اور کوشش کرنی پڑی گی۔ طلباء کے اندر خوداعتمادی کی وجہ سے ان کے حوصلے بلند ہوجاتے ہیں، لہذا اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں۔ انہو ں نے اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی اپنے پوری ذمہ داری ادا کرنے کی تلقین کی۔
مہمانِ اعزازی کے طور پر جلسہ میں شریک محمد جعفر دامدا سابق صدر مرکز النوائط ابوظبی نے طلباء کو بلند اخلاق کا حامل ہونے کی نصیحت کی۔ انہو ں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کی ملی جلی کوششوں سے ادارے ترقی کرتے ہیں۔ وہیں ایک اور مہمان ایس ایم سید مقبول (پیاسیفک ایل ایل سی دبئی) نے طلباء کو خصوصی صلاحیت کو پروان چڑھانے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ صرف ڈگریاں کام نہیں آتی ہیں بلکہ طلبا کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اشد ضررت ہے۔
اس پروگرام کی صدرات انجمن کے سرپرست محمد محسن شاہ بندری (امریکن محسن) نے کی اور اپنی پرانی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے طلباء کو محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی نصیحت کی۔
Share this post
