بھٹکل 10؍ جنوری 2023(فکروخبرنیوز) انجمن بوائز ہائی اسکول کا سالانہ جلسہ آج اسکول کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں امسال کے سب سے ہونہار طالبِ علم محمد اناب ابن محمد اشرف محتشم کو وقارِ انجمن کے اعزاز سے نوازتے ہوئے گولڈ میڈل دیا گیا جبکہ محمد ایان ابن ناصر اور محمد ایمن ابن محمد رفیق ملا کوسلور میڈل سے نوازا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی جماعت المسلمین مرڈیشور کے صدراور کنیرا مسلم خلیج کونسل کے جنرل سکریٹری جناب امین سیف اللہ صاحب نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو تعلیمی میدان میں اپنے جوہر دکھلاتا ہے اسے اپنی روزی کی فکر کی ضرورت نہیں ہے۔ جب انسان کے اندر صلاحیت ہوتی ہے تو خو بخود دنیا اس کا لوہا مان لیتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنے پڑھائی اور دیگر مشغولیات کا ایک نظام الاوقات مرتب کریں اور اسی کے مطابق اپنا دن صرف کریں۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی سے زندگی سنورتی ہے اور کامیاب زندگی کے لیے ضروری ہے ہر مسئلہ کا مقابلہ کرنے کی اس کے اندر صلاحیت پیدا ہو۔
جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حسین جوکاکو ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا ہے۔ طلبہ اپنے دور کو کارآمد بنائیں اور خوب محنت کریں کیونکہ یہ وقت ان کی محنت کا ہے اور محنت ہی سے ترقی کی منزلیں طئے ہوتی ہیں اور انسان کامیابی حاصل کرلیتا ہے۔
ان کے علاوہ کنیرا مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب محمد یونس قاضیا ، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر جناب سید محی الدین مارکیٹ ایس ایم ، نائب صدرانجمن محمد صادق پلور وغیرہ نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے مفید نصائح سے نوازٓا۔
اس پروگرام میں تعلیمی ، ثقافتی اور کھیل مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔
Share this post
