بھٹکل : الکوثر گرلز کالج میں معذور بچوں کے لیے منعقدہ دوروزہ کیمپ سے 80 سے زائد بچوں نے اٹھایا فائدہ ، فیزیوتھراپی کی ماہر ٹیم نے کی شرکت

31؍جنوری 2024(فکروخبرنیوز) الکوثر گرلز کالج میں معذور بچوں اور ان کے سرپرستان کے لیے منعقدہ دو روزہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس دوروزہ مفت میڈیکل کیمپ سے 80 سے زائد معذور بچوں نے فائدہ اٹھایا۔

فیزیو تھراپسٹ کی اس ٹیم نے معذور بچوں کا تفصیلی چیک اپ کیا، اور فیزیو تھراپی کے ذریعہ معذور بچوں کے علاج کے سلسلے میں مشورہ دیا ۔  فزیو تھراپسٹ نے فزیوتھراپی کی اہمیت پر زور دینے کے لیے ایک سیمینار اور سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا۔
اسکول کی پرنسپال نبیرہ محتشم کی جانب سے موصولہ معلومات کے مطابق 27 جنوری کو الکوثر گرلز کالج میں منعقدہ کیمپ کے پہلے روز ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں بچوں کا معائنہ کیا گیا ہے اور ان کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے والدین اور سرپرستان کو مفید مشورے دیئے۔ جس میں فضیلت یحییٰ سودا کی سربراہی میں سپیچ تھیراپی، پیشہ ورانہ تھراپی، اور وزڈم اسپیشل اسکول، میسور کے پیشہ ور افراد پر مشتمل تھی۔ انہوں نے کیمپ کے ذریعہ حاصل ہونے والے فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے الکوثر انتظامیہ کی طرف سے معذور بچوں کے لیے مستقل کام کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے اور ان کے لیے الگ سے ایک سینٹڑ کاقیام بھی زیر غور ہے۔

دوسرے روز یعنی 28 جنوری کو منعقدہ کیمپ سعدیہ محمد صالح کے زیر انتظام تھا جو غذائیت میں بی ایس سی کے ساتھ ‌ نیورولوجیکل میں پی جی ڈپلومہ ہولڈر ہے۔ موصوفہ اعصابی خرابی کے شکار بچوں کے لیے فزیکل تھراپی (PT)، پیشہ ورانہ تھراپی (OT) اور اسپیچ اینڈ لینگویج تھراپی (SALT) وغیرہ میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔

28 جنوری یعنی دوسرے دن  کا آغاز بنگلور کی معروف کونسلر سیدہ فاطمہ نزہت رضوی کے کونسلنگ سیشن سے ہوا۔  دو سیشن منعقد کیے گئے، ایک انجمن ویمن ڈگری کالج میں اور دوسرا الکوثر گرلز کالج میں، جس میں قریبی کالجوں کی طالبات کو مدعو کیا گیا تھا۔  نیشنل پی یو کالج، مرڈیشور، اور جامعة الصالحات کی طالبات اپنی معلمات کے ساتھ شریک ہوئیں ۔ اس اہم پروگرام میں نوجوانوں میں طلاق کی بڑھتی ہوئی تشویشناک شرح اور شادی سے پہلے اور شادی کے بعد کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ سیشن کا اختتام نماز ظہر اذان کے ساتھ ہوا، مہمان طالبات کے لئے ظہرانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

 دوپہر کے اجلاس میں مہمان خصوصی اسپیکر کرناٹک قانون ساز اسمبلی جناب یوٹی قادر کی دخترمحترمہ حوا نسیمہ ، کابینی وزیر حکومتِ کرناٹک محترمہ بینا ویدیا اور چائلڈ ڈیولپمنٹ آفیسرمحترمہ سشیلانے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطابات سے نوازا۔ اس نشست میں مہمان خصوصی محترمہ تشکیلہ خانم صاحبہ سکریٹری جماعت اسلامی ہند، حلقہ کرناٹک نے شرکت کی۔  الکوثر گرلز کالج کی طالبات نے قرأت، حمد اور ترانہ پیش کیا۔میسور ویزڈم اسکول کے معذور بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے بہت ہی پسند کیا۔

معذور بچوں کے مزاج کا خیال رکھتے ہوئے مختلف کھلونوں سے بھرا ہوا ایک پلے روم  تیار کیا گیا تھا جس سے بچے خوب لطف اندوز ہوئے۔

پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں نے نوائط محفل آفس کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود نوادرات کا مشاہدہ کیا۔

پرنسپال کے مطابق اس کام کی اہمیت کے پیشِ نظر تمام اہم مقامی ملی اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے تھے اور ان سے تعاون اور رہنمائی کی گذارش کی گئی تھی۔ الحمدللہ اکثر اداروں نے اس کام کو سراہا۔ خصوصا تنظیم کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری اورجنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب یم جے نے تعاون کی یقین دہانی کی ہے۔ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل اور تنظیم کے نائب صدرعتیق الرحمن منیری نے شروع ہی سے اس کام میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور اس کیمپ کے انعقاد پر انہوں نے خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کام کو مزید تقویت پہنچانے کے لیے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔ پرنسپال نے کہا کہ اس اہم کام کو آگے بڑھانے میں دیگر ذمہ داران سے بھی تعاون کی توقع رکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ اس سلسلہ میں سبھوں کا تعاون شامل رہے گا۔

Share this post

Loading...