بھٹکل26 مارچ 2021(فکرو خبر نیوز)الایمان اسپورٹس سینٹر بھٹکل کی جانب سے بھٹکل تا منکی کے اسپورٹس سینٹروں کے مابین ایک خوبصورت نعتیہ مسابقہ اہم شاہراہ 66 سے متصل ایکزیبشن گراؤنڈ پر کل بروز جمعرات منعقد کیا گیا جس میں امام وخطیب مسجد سلطان نواز جنگ و استاد حدیث دار العلوم حیدرآباد حضرت مولانا سید احمد ومیض صاحب نے بطورمہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب سے نوازا۔ اسی طرح مقامی علماء میں مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی، بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی، امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی،استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی وغیرہ نے شرکت کی۔
پروگرام کی پہلی نشست بعد عصر منعقد ہوئی جس میں علیا اور سفلی گروپ کے مساہمین نے اپنی قسمت آزمائی۔ سفلی میں گیارہ سے پندرہ سال اور علیا میں پندرہ سے بیس سال کے تھے۔ امام مسجد الایمان جناب اقبال بنگالی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔ بعد عشاء نو بجے پروگرام کی دوسری اور آخری نشست منعقد کی گئی، مساہمین نے مختلف شعراء کی نعتیں مترنم آواز میں پیش کرتے ہوئے فضا کو معطر کیا اور حاضرین کی زبانوں پر درود کا ورد شروع ہوگیا۔ نعتوں کے انتخاب میں خوش نوایان بھٹکل کا پلیٹ فارم "کہکشاں" نے اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ خاص بات یہ رہی کہ نعتوں کا تکرار نہیں ہوا بلکہ اس سے بڑھ کر حیرت کی بات یہ رہی کہ نعتوں کی دھن بھی ایک دوسرے سے مختلف رہی اور پیش گئی جملہ نعتوں کا انتخاب شائع بھی کیاگیا اور حاضرین میں تقسیم بھی کیا گیا۔
جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دے رہے مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے الایمان مسجد اور وہاں کے اسپورٹس سینٹر کے لیے اپنی خدمات پیش کرنیوالوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے ان کے حق میں دعا بھی کی۔ جو لوگ اس دنیا سے جاچکے ہیں ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی گئی اور ان کی خدمات کو یاد کیا گیا اور جوبقیدِ حیات ہیں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی گئی جن میں قابلِ ذکر مسجد ایمان کے امام جناب محمد اقبال صاحب بنگالی ہیں جو اٹھائیس سالوں سے وہاں امامت کے فرائض انجام دے رہیں اور نوجوانوں کی تربیت بھی کررہے ہیں۔
مسابقہ کے نتائج کچھ اس طرح رہے۔
پہلا انعام 10000/-, دوسرا انعام 8000/-, سوم انعام 6000/- اور ہر مساہم کو خصوصی انعام دیا گیا۔ علیا میں دو مساہم دوم آئے تو دونوں کو علیحدہ انعام 8000/8000 دیا گیا۔
علیا گروپ
اول مقام : محمد طریف ابن منیر ابو حسینا (حنیف ویلفیئر ایسوسی ایشن)
دوم مقام : نصیرابن نعیم طاہرباپو (شاہین مخدوم) / عبداللہ ابن مولانا فضل الرحمٰن برماور(مریم علی یوتھ ایسوسی ایشن)
سوم مقام : عبداللہ عتبان ابن محمد عارف شریف (وائی ایم ایس اے)
سفلی گروپ
اول مقام : رائد ابن محمد راشد قاضی (الایمان اسپورٹس سینٹر)
دوم مقام : مسیب ابن مظہر انور محتشم ( سوپر اسٹار)
سوم مقام : ہدایت اللہ ابن انصار ائیکری ( رویل اسپورٹس سینٹر)
Share this post
