بھٹکل: 30؍مارچ 2021(فکروخبرنیوز) انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے زیر اہتمام بچوں کو تجوید کے ساتھ قرآن مجید پڑھنے پر زور دینے اسی طرح بچوں کی صحیح نہج پر تربیت کے مقاصد کے تحت قائم الفطرہ اسکول کے آج قرآن پاک ناظرہ ختم کرنے والے بچے بچیوں کے اعزاز میں ایک نشست کا انعقاد بھٹکل ویمن کالج بستی روڈ پر ہوا جس میں بچے اور بچیوں کو انعامات سے نوازا گیا اور مہمانان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دینی خطوط پر بچوں کی تربیت کرنے اور شروع سے ہی قرآن مجید تجویدومخارج کے ساتھ پڑھنے پر زور دیئے جانے کو سراہا۔

مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ بھٹکل کی خصوصیت رہی ہے کہ یہاں کے عصری اداروں میں قرآن مجید پڑھنے پر زور دیا جاتا ہے اور اس میں بھی تجوید ومخارج کا پورا پورا لحاظ رکھا جاتا ہے۔ ماشاء اللہ اس عمل کو الفطرہ اسکول نے بھی قائم رکھا۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ شروع سے ہی بچوں کو دلوں میں قرآن کی عظمت اور صحیح تلفظ کے ساتھ اسے پڑھنے پر زور دیا جارہا ہے جو کہ قابلِ تقلید ہے۔ مولانا نے کہا کہ بچپن کی تعلیم ہی انسان کے ہر عمر میں کام آتی ہے۔ انسان جب بڑا ہوجاتا ہے تو بچپن میں اسے پڑھائی گئی باتیں یاد رہتی ہیں، مولانا نے قومِ نوائط کے قابلِ فخر فرزند ڈاکٹر حمید اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی زبانوں کو جاننے والے تھے۔ باوجود اس کے آخر عمر میں سب چیزیں ان کے ذہن سے محو ہوگئی لیکن بچپن میں سیکھا گیا الف اور باء انہیں اس وقت بھی یاد تھا۔ انہوں نے معلمات سے بچوں کی صحیح تربیت کرنے پر زور دینے کی بھی بات کہی۔

بانی علی پبلک اسکول بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے انجمن کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل واطراف میں جتنے مدرسے قائم ہیں اس کا سہرا انجمن کو جاتاہے۔ انہوں نے الفطرہ اور انجمن کے دیگر اسکولوں میں بچوں کے دینی تعلیم حاصل کرنے کی بات کہتے ہوئے گھروں میں والدین خصوصاً ماؤں کو بھی بچوں کی تربیت پر زور دینے کی نصیحت کی اور کہا کہ اس کی وجہ سے مستقبل میں انئی نسل کی ایمانی بنیاد مستحکم ہوگی اور ہمارے بچے جہاں بھی جائیں گے دینی اورایمانی شناخت پر قائم رہیں گے۔ مولانا نے انجمن کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی انجمن میں انسانیت کی رہبری کرنے کی طاقت ہے جس کی مثال نہ صرف ملک بلکہ بیرون میں بھی دی جاسکتی ہے۔
نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے قرآن کریم سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کے پڑھنے پڑھانے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل بھی بہت ضروری ہے۔ مولانا نے کہا کہ الفطرہ میں شروع سے ہی بچوں کو قرآن پڑھنے کا صحیح علم فراہم مستحسن اقدام ہے

انجمن کے جنرل سکریٹری جناب اسماعیل صدیق صاحب نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ تین سال قبل شروع کیا گیا الفطرہ اسکول اپنے مقاصد پر گامزن ہے۔ شروع میں کئی مسائل سامنے تھے الحمدللہ اب ٹیچروں کی ٹریننگ کے بعد بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی زور دیا جارہا ہے، اس موقع پر انہوں نے محترمہ شہناز جوکاکو کی خدمات کی ستائش بھی کی۔
واضح رہے کہ تلاوتِ قرآن سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں نعت بھی پیش کی گئی اور ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ انجمن پرائمری بورڈ کے سکریٹری آصف دامودی نے اسکول کی تین سالہ رپورٹ پیش کی۔ صدارت صدرِ انجمن جناب مزمل قاضیا نے کی۔


Share this post
