مسروقہ اے ٹی ایم کارڈ سے رقم ڈرا کرنے کی کوشش :چور گرفتار
پتور 07؍ اپریل (فکروخبرنیوز) مسروقہ اے ٹی ایم کارڈ سے نوے ہزار روپئے نقدی چرانے والے شخص کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرلیے جانے کی خبر فکروخبر کو موصول ہوئی ہے ۔ ملزم کی شناخت ملیش ساکن رائچور کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق اپناانگڈی میں ایک شخص کے یہاں مزدوری کرنے والا ملیش نے اپنی مالکن کا اے ٹی ایم چوری کرنے کے ایک ہفتہ بعد اس کا استعمال کرتے ہوئے تقریباً نوے ہزار روپئے کی نقدی چوری کرلی تھی ۔ مالکن نے مذکورہ واقعہ سامنے آنے پر پولیس تھانے میں معاملہ درج کرلیاتھا۔ اپنانگڈی پولیس سب انسپکٹر کی قیادت میں تفتیش کرنے والی ٹیم نے ملزم کے موبائل فون ٹریس کرتے ہوئے منگلور کے ایک رہائشی گھر سے گرفتار کرلیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
لائف گارڈ نے خودکشی کرنے والے شخص کی جان بچائی
اڈپی 07؍ اپریل (فکروخبرنیوز) شیموگہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی جانب سے خودکشی کیے جانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے لائف گارڈ کی جانب سے اسے بچالئے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔۔ تفصیلات کے مطابق امان اللہ (37) نے سمندر میں چھلانگ لگاتے ہوئے خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی ۔ مذکورہ شخص قریب دوپہر ساڑھے تین بجے کاپو ساحل سمندر پر خودکشی کرنے کے ارادے سے آیا ۔ جب نشان کردہ خطرہ والی مخصوص جگہ پر امان اللہ نے خودکشی کے لیے جیسے ہی چھلانگ لگائی تو لائف گارڈ نے مستعدی دکھاتے ہوئے اس کی جان بچائی ۔ ساحل پر لانے کے بعد ایک سوال کے جواب میں امان اللہ نے کہا کہ زندگی کے مسائل سے تنگ آکر اس نے خودکشی کا ارادہ کرلیا تھا۔ جب جواب کی وضاحت پوچھی گئی تو اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ بتایا جارہا ہے کہ امان اللہ شادی شدہ ہے اور اس کے دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں۔ مذکورہ شخص کو کاپو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔
Share this post
