بھٹکل26؍ دسمبر2023(فکروخبرنیوز) ابنائے جامعہ ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے زیر سرپرستی کنڈلور تا کاروار کے شبینہ مکاتب کے طلبہ کے درمیان وضو کا انوکھا مسابقہ منعقد کیا جارہا ہے جس میں ممتاز طلبہ کے درمیان انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ اس بات کا اظہار آج بعد عشاء مسجد تنظیم میں منعقدہ تعارفی نشست میں ابناءِ جامعہ کے ذمہ داران نے شبینہ مکاتب کے اساتذہ سے کیا۔
اس موقع پر تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کنوینر مسابقہ مولانا یاسین ندوی نے کہا کہ اس سے قبل بھٹکل کے شبینہ مکاتب کی سطح پر نماز کا مقابلہ منعقد کیا گیا جو بڑی حد تک کامیاب رہا۔ الحمدللہ اس کے ذریعہ سے شہر کی تمام مساجد میں نماز درست کرنے کی ایک فضا قائم ہوگئی اور یہ بات مساجد سے نکل کر گھروں تک بھی پہنچ گئی اور طلبہ کے سرپرستان بھی دلچسپی دکھاتے ہوئے اپنے بچوں کی نماز درست کرنے کی فکر کی۔ جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا ہے کہ غیر شعوری طور پر بھی بہت سے افراد کی نماز درست ہوئی۔ اس کامیاب تجربہ کے بعد اب شبینہ مکاتب کے سطح پر ہی وضو کا مسابقہ منعقد کیا جارہا ہے اور اس مرتبہ مسابقہ کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کنڈلور سے کاروار تک کے شبینہ مکاتب کے طلبہ کوشرکت کا موقع دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مسابقہ کی مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مسابقہ دو پروگرپوں میں منقسم ہوگا سفلیٰ اور علیاٰ ، سفلیٰ میں ساتویں جماعت تک کے اسکولز کے طلبہ اور بارہ سال تک کے مدارس کے طلبہ شریک ہوسکتے ہیں جبکہ علیا میں دو زمرے ہوں گے جس کے پہلے زمرے میں آٹھویں جماعت سے ڈگری تک کے طلبہ اور دوسرے زمرے میں بارہ سال سے متجاوز عمر کے مدارس کے طلبہ شریک ہوں گے۔ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری 2024 ہوگی۔ انعامات کی تقسیم کے لیے تین گروپ کیے گئے ہیں۔ (1) بھٹکل (2) شیرور تا کنڈلور(3) مرڈیشور تا کاروار ، ہر گروپ میں اول ، دوم اور سوم انعامات کے ساتھ ساتھ دس ممتاز طلبہ کے درمیان بھی انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ابناء کے دیگر ذمہ داران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں جو چیزیں بچوں کو سکھائی جاتی ہیں وہ پتھر کی لکیر کی طرح نقش ہوجاتی ہیں اور آدمی مرتے دم تک اس کو یاد رکھتا ہے۔ اس لیے کوشش اس بات کی کی جارہی ہے کہ بچوں کے وضو کے مسابقہ کے ذریعہ بڑی عمر کے افراد کی وضو بھی درست ہوجائے اور وضو درست کرنے کے متعلق ہمارے اندر ایک بیداری لائے جاسکے۔ ذمہ داران نے وضو کے درست کرنے کے فوائد اور وضو درست نہ ہونے کی صورت میں احادیث میں وارد وعیدیں بھی سنائیں۔
امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی ، امام وخطیب مسجد تنظیم نوائط کالونی بھٹکل مولانا محمد انصار ندوی ، استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عمیر ندوی ، جنرل سکریٹری ابناء مولانا عبدالحسیب ندوی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعض حاضرین نے سوالات کیے اور کئی نے اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
