بھٹکل 30؍ مئی 2021(فکروخبرنیوز) اترکنڑا میں کورونا کے معاملات کو دیکھتے ہوئے ہفتہ میں دومرتبہ ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ دئیے جانے کے اعلان کے بعد اچانک جمعرات کے روز تین روزہ مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی اعلان کیا تھا کہ ہفتہ میں چار روز پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو صبح آٹھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ رہے گی۔ اسی اعلان کے مطابق کل بروز پیر پانچ روزہ مکمل لاک ڈاؤن کے بعد بروزپیر صبح آٹھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ رہے گی۔
آج اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے اخباری نمائندوں کو اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش اس بات کی کررہے ہیں کہ گھر گھر ضروری اشیاء پہنچائی جائیں لیکن احتیاطی تدابیر کے ساتھ جو علاقے کنٹنمنٹ زون میں داخل نہیں ہیں وہاں کے لوگوں کو خریداری کے لیے باہر نکلنے کی اجازت رہے گی۔ اس درمیان انہیں ضرورت پڑنے پر سواریوں کی بھی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تعلقہ میں 28 کنٹنمنٹ زون بنائے گئے ہیں اور جہاں 40 سے زائد معاملات ہیں انہیں اسپیشل کنٹنمنٹ زون بنایا گیا ہے جس کے مطابق شرالی کا علاقہ اس میں داخل ہے۔ اس کے علاوہ جن گھروں میں کورونا کے مریض آئسولیشن میں ہیں وہاں مائکرو کنٹنمنٹ زون بنایا گیا ہے۔ ٹی ایم سی کے حدود میں 4، جالی پٹن پنچایت حدود میں 6 اور مختلف گرام پنچایتوں میں 16 کنٹنمنٹ زون بنائے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹ کے ان دنوں میں بینکوں سے متعلق کام نمٹانے کی اجازت رہے گی۔ اس کے لے صبح آٹھ بجے تا دوپہر بارہ بجے تک کا وقت متعین کیا گیاہےجس میں بینک عوام کے لیے کھلے رہیں گے۔ گے لیکن بارہ بجے کے بعد بینک جانے کی اجازت نہیں رہے گی، بنک اپنے دفتری کام کے لیے کھلے رہیں گے۔
پٹرول بینک میں صرف ان ہی گاڑیوں کو تیل فراہم کیا جائے گا جن کو نقل وحمل کی اجازت ہوگی بقیہ گاڑیوں کو تیل فراہم نہیں کیا جائے گا۔
اہم شاہراہوں کے کنارے لگائے جانے والی دکانوں کو کل اجازت نہیں رہے گی اس کے لیے سنتے مارکیٹ میں اہتمام کیا گیا ہے جہاں کوویڈ احتیاطی تدابیر کے ساتھ خریدوفروخت کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے 330 سواریوں کو اجازت نامہ فراہم کیا گیا ہے اور ہم کوشش اس بات کی کررہے ہیں کہ عوام کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو اور ان کی ضروری اشیاء گھروں تک پہنچائی جاسکیں۔ اس کے لیے ہم نے علاقوں کے اعتبار سے نوڈ ل افسران بھی تعیینات کیے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ چار دنوں تک روزانہ باہر نکلنے کے بجائے کسی ایک دن اپنی ضروریات کی اشیاء خریدلیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سب کواحکامات کے نفاذ کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے سوپر مارکیٹس کے تعلق سے یہ بات کہی کہ ان کے مالکان اور ذمہ داران سے گفتگو کے بعد اس کے تعلق سے کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ اس بیچ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں کثیر تعداد میں جمع ہورہے لوگوں کو دیکھتے ہوئے انہیں بند کرنے کے بارے میں بھی غور وخوض کیا جاسکتا ہے۔
Share this post
