بھٹکل میں 22دسمبر کو ہوں گے پنچایت انتخابات، بیالٹ پیپر کا ہوگا استعمال

بھٹکل08؍دسمبر 2020(فکروخبرنیوز) اس ماہ منعقد ہونے والے پنچایت انتخابات کی جانکاری دینے کے لیے آج ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار بھٹکل پہنچے اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں اخبار نویسیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں معلومات فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ کوویڈ کی وجہ سے اب کی مرتبہ ضلع میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار میں 22دسمبر کو انتخابات ہوں گے جبکہ سداپور، یلاپور، سرسی او رہلیال میں دوسرے مرحلہ میں انتخابات ہوں گے۔ کوویڈ۔ 19 وبائی مرضی کی وجہ سے احتیاطی تدابیر  کے پیشِ نظر عملہ کو خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔ 
انہوں نے انتخابات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ تعلقہ کی 16 گرام پنچایتوں کے 284 نشستوں پر انتخابات ہوں گے اور اس کے لئے کل 104 پولنگ بوتھ تیار کئے جائیں گی۔ جن پولنگ بوتھوں میں ووٹ ایک ہزار سے متجاوز ہیں وہاں اضافی بوتھ بھی بنائے جائیں گے۔ 16گرام پنچایت حدود میں کل 92528 رائے دہندگان ہیں جن میں 46964 مرد اور 45563 خواتین ہیں۔ اس مرتبہ 610 پولنگ افسران کو نامزد کیا گیا ہے اور انتخابات بیالٹ پیپر پر ہوں گے۔ 
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوویڈ۔19 کے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ 

Share this post

Loading...