بیلگاوی میں مورتی اکھاڑنے سے کشیدگی ، دفعہ 144 نافذ

belgavi,bangalore,kasheedgi.

بیلگاوی 18؍ دسمبر2021(فکروخبرنیوز/ذرائع) حکام نے بیلگاوی میں اتوار کی صبح 6 بجے تک امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں، پولیس ذرائع نے بتایا کہ کناکداسا کالونی میں نصب سنگولی رائینا کی مورتی کو اکھاڑ دیا گیا ہے۔ اس کی تلوار اور ڈھال بھی توڑ کر پھینک دی گئی۔ تاہم شور سن کر مقامی لوگ باہر نکلے تو بدمعاش وہاں سے بھاگ گئے۔

تلکاواڑی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مورتی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اس واقعہ سے بیلگاوی میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ شبہ ہے کہ یہ واقعہ کناڈیگا اور مراٹھی کمیونٹی کے لوگوں کے درمیان تصادم کو ہوا دینے کے لیے جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔

اس صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے وزیر داخلہ آراگا جانیندرا نے کہا کہ ہم شرپسندوں میں خوف پیدا کریں گے۔ آپ اس بار پولیس کی طرف سے مناسب کارروائی دیکھیں گے۔ کسی کو بخشنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ چند شرپسندوں کی کارستانی ہے، ہم ان پر قابو پالیں گے۔

پولیس نے شہر میں تشدد کے واقعات کے سلسلے میں 100 سے زیادہ مشتعل افراد کے خلاف تین تھانوں میں مقدمات درج کیے ہیں۔ دیگر الزامات کے ساتھ زبان کی بنیاد پر انتشار پیدا کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

جمعہ کی آدھی رات کو احتجاج کے دوران مظاہرین نے پولیس اہلکاروں اور سرکاری گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہوئے پتھراؤ کیا۔ جمعہ کی رات ہونے والے اس واقعے میں پولیس جیپوں سمیت 20 گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جس سے پولیس کو پرتشدد ہجوم کے خلاف لاٹھی چارج کرنا پڑا۔

کرناٹک ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس فی الحال دو سال بعد بیلگاوی میں جاری ہے اور پوری سرکاری مشینری کو بنگلورو سے بیلگاوی منتقل کر دیا گیا ہے۔

Share this post

Loading...