کاروار: یکم جنوری 2020(فکروخبر نیوز) سوشیل میڈیا پر بحریہ کے فوجی جہازوں، اڈوں اور آبدوز کشتیوں کے تصاویر وائرل ہونے کے بعد اب بحریہ کے اہلکاروں کے لیے ہر قسم کے اسمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کی سہولیات بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس معاملہ میں سات بحریہ اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا ہے جس میں کاروار سی برڈ کے دواہلکار بھی شامل ہونے کی خبریں ہیں۔ اس کے بعد اب بحریہ کا کوئی بھی افسر فیس بک، وھاٹس اپ، انسٹا گرام اور دیگر سوشیل میڈیا کے ویب سائٹس اور ایپس استعمال نہیں کرسکے گا۔ خبروں کے مطابق بحری اڈوں، بحریہ کے فوجی جہازوں اور آبدوز جہازوں پر کھڑے ہوکر پوز دیتے ہوئے سوشیل میڈیا پر بحریہ کے فسران اپنی تصاویر پوسٹ کررہے تھے اور ان کی ان حرکتوں سے پاکستان اور چین کی خفیہ ایجنسیوں کو معلومات فراہم ہورہی تھیں۔ اس معاملہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ گرفتار شدہ اہلکاروں سے کڑی تفتیش کیے جانے کی بھی خبریں ہیں۔
Share this post
