13مئی 2023 (فکروخبرنیوز)کرناٹک کے وزیر تعلیم اور بی جے پی لیڈر بی سی ناگیش جنہوں نے کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو نافذ کیا تھا اور ریاست میں مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ پر زور دیا تھا، تپٹور حلقہ سے انتخابات ہار گئے ہیں۔
ناگیش ہندوتوا پارٹی کے ان کئی سینئر لیڈروں میں شامل تھے جو الیکشن ہار گئے ہیں۔
تپٹور حلقہ میں بی جے پی کے بی سی ناگیش، کانگریس کے کے شادکشری اور جے ڈی (ایس) کے شانتھا کمار کے درمیان مقابلہ تھا۔
بی جے پی امیدوار ناگیش نے 2008 اور 2018 میں اس حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کانگریس کے شادکشری نے جیت کر 2013 میں اس حلقہ سے ایم ایل اے بنے۔
ناگیش کو 2021 میں وزیر کے طور پر شامل کیا گیا تھا جب بسواراج بومائی نے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالا تھا،
انہوں نے حجاب پر پابندی معاملہ میں انتہائی سخت موقف اختیار کیا تھا ، وہ نصابی کتب کے بھگواکرن کے پیچھے محرک قوتوں میں سے ایک تھے۔ ان پر کرناٹک میں مسلم اقلیتوں کے خلاف نفرت اور نسل کشی پر مبنی تقریر کا بھی الزام تھا۔
واضح رہے کہ حجاب پر پابندی کے سخت نفاذ کی وجہ سے کئی والدین اور طلباء نے یونیورسٹیوں کو چھوڑنے پر غور کیا، کئی خاندانوں نے دوسرے قصبوں میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ اُڈپی میں مسلم تنظیموں کے اتحاد مسلم اوکوٹا کے مطابق، کم از کم 183 پری یونیورسٹی طلباء 2021 میں امتحانات میں شرکت کرنے سے قاصر تھے۔ یہ صرف اُڈپی کے پی یو سی میں 1,446 مسلم طالبات میں سے 12.5 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے۔
Share this post
