بنگلورو، 27 جولائی (آئی اے این ایس): بنگلورو کے ہوٹلوں میں کتے کے گوشت کی مبینہ سپلائی تنازعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، کرناٹک حکومت نے ہفتے کے روز کہا کہ جمعہ کی رات ریلوے اسٹیشن سے ضبط کیا گیا گوشت تجزیہ کے لیے فوڈ لیبارٹری میں بھیج دیا گیا ہے اور اس کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
جمعہ کی شام کچھ گروپوں نے یہ لزام عائد کرتے ہوئے احتجاج درج کیا تھا کہ راجستھان سے بنگلورو کے ہوٹلوں میں کتے کا گوشت سپلائی کیا جا رہا ہے۔
کمشنریٹ نے بتایا کہ جمعہ کی شام کو اطلاع ملی کہ ٹرین کے ذریعے بنگلورو کو مٹن اور دیگر گوشت سپلائی کیا جا رہا ہے۔پولیس کی ایک ٹیم اور کرناٹک ایف ایس ایس اے کے عہدیداروں نے ریلوے اسٹیشن جاکر معائنہ کیا۔
معائنہ کے دوران پتہ چلا کہ پارسل جو کہ راجستھان سے ٹرین کے ذریعے پہنچے تھے، اسٹیشن کے بیرونی احاطے میں ایک گاڑی میں لوڈ کیے جا رہے تھے۔
وہاں 90 پارسل تھے اور معائنہ کرنے پر ان میں جانوروں کا گوشت پایا گیا۔ جانوروں کی انواع کے حوالے سے نمونے اکٹھے کر کے فوڈ لیبارٹری کو بھیجے گئے۔ تجزیاتی رپورٹس کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پارسل بھیجنے والوں اور وصول کنندگان کے FSSAI لائسنس کے بارے میں تفصیلی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ اگر کوئی تضاد پایا گیا تو ضابطے کے مطابق مزید قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔
ہندوتوا کارکن پونیت کیریہلی اور دیگر نے جمعہ کو بنگلورو میں میجسٹک ریلوے اسٹیشن کے قریب احتجاج کیا، یہ الزام لگایا کہ کتے کا گوشت، مٹن کے ساتھ، راجستھان سے بنگلورو فروخت کے لیے لایا جا رہا ہے۔
ان کے خلاف پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بعد ازاں، جمعہ کی آدھی رات کے قریب، کاٹن پیٹ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
پونیت کیریہلی کے خلاف بی این ایس ایکٹ کی دفعہ 132 (سرکاری اہلکاروں کے فرائض میں رکاوٹ) اور دفعہ 351 (2) کے تحت امن میں خلل ڈالنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گوشت بنگلورو کے فائن ڈائننگ ریستوراں کو سپلائی کیا جانا تھا۔
Share this post
