بنگلورو ، میسورو ایکسپریس وے پر بڑھتی اموات تشویش کا باعث ، مارچ سے لے کر اب تک 100 اموات اور 335 زخمی

بنگلورو11؍ جون 2023 (فکروخبرنیوز) سابق بی جے پی حکومت نے بنگلورو۔ میسورو ایکسپریس وے کو بڑی کامیابی کے طور پر پیش کیا تھا اور انتخابات کی تشہیر کے لیے اس نے اسے بڑا مدعا بھی بنایا تھا لیکن اب کانگریس کے برسرِ اقتدار آتے ہی بی جے پی حفاظتی اقدامات کے بارے میں سوال کررہی ہے۔

 سابق وزیر اور بی جے پی ایم ایل اے سریش کمار نے کرناٹک حکومت سے بنگلورو-میسور ایکسپریس وے پر بڑھتی ہوئی اموات کو کم کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات کے بارے میں کیے سوال پر آج منگل 11 جولائی کو اسمبلی میں اپنے جواب میں وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے کہا کہ ہائی وے پر 100 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ صرف مارچ میں، 20 اموات اور 63 زخمی ہوئے۔ اپریل میں تعداد بڑھ کر 23 اموات اور 83 زخمی ہوئیں۔ مئی میں 29 اموات اور 93 زخمی ہوئے، اس کے بعد جون میں 28 اموات اور 96 زخمی۔ ہمارے ریکارڈ کے مطابق 100 اموات اور 335 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سائن بورڈز کی عدم موجودگی اس کی ایک بڑی وجہ ہے اس کے علاوہ بھی دیگر کئی مسائل ہیں جس کو حل کرنا ناگزیر ہے۔

وزیر داخلہ نے مختلف اقدامات کا خاکہ پیش کیا جو سڑک پر حادثات کو کم کرنے کے لیے اٹھائے جائیں گے۔ ان میں تیز رفتار گاڑیوں سے نمٹنے کے لیے ہر 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہائی وے پیٹرولنگ گاڑیوں کی تعیناتی، ہائی وے کے ساتھ غیر قانونی اسٹاپوں پر کریک ڈاؤن، سائن بورڈ ، لین کے نظم و ضبط کو بہتر بنانا وغیرہ شامل ہے۔ پرمیشورا نے خارجی راستوں پر اسٹریٹ لائٹس کے نفاذ کی درخواست کی اور کہا کہ NHAI سے کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

Share this post

Loading...