منڈگوڈ 3؍ مارچ 2024 (فکروخبرنیوز) بی جے پی والے عوامی ترقیاتی منصوبوں کے بجائے وزیر اعظم مودی کے نام پر ووٹ مانگتے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آج تک بی جے پی نے کبھی بھی ترقیاتی منصوبوں پر بات کی ہے؟ کیا بی جے پی نے غریبوں اور عام آدمی کے لئے کوئی اسکیم لے کر کبھی انتخابات کا سامنا کیا ہے؟ وہ لوگ آج تک یہی کام کرتے آئے ہیں اور اس مرتبہ بھی وہی کرنے والے ہیں۔ یہ باتیں وزیر ماہی گیری منکال وئیدیا نے منڈگوڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہیں ۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ بنگلورو کے ایک کیفے میں ہوئے بم دھماکے میں بی جے پی کا ہاتھ ہوسکتا ہے اور ووٹرس کو اپنی طرف راغب کرنےکے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ منکال نے کہا کہ یہ سب کونسی پارٹی کرتی ہے یہ سب کو معلوم ہے ۔ کسی کو بھی خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ کسی کی بھی کارستانی کیوں نہ ہو، ہماری حکومت اس کے خلاف ضرور کڑی کارروائی کرے گی ۔
Share this post
