بنگلورو 08؍ جنوری 2022(فکروخبر/ذرائع) بنگلورو کے نائس روڈ پرپیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں دو خواتین سمیت چار افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔ یہ حادثہ کل رات پیش آیا تھا۔ مہلوکین میں محمد فضیل ، ابھیلاش اور جینا سافٹ انجینئر تھے جبکہ شلپا نامی خاتون ٹیچر تھی۔
یہ جان لیوا حادثہ رات 9.30 بجے پوروانکارا اپارٹمنٹ کے قریب نائس روڈ پر پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ حادثہ تمل ناڈو کے رجسٹریشن والے ایک ٹرک کے ڈرائیور کی وجہ سے ہوا جب وہ تیز رفتاری کے ساتھ ماروتی سوزوکی ویگن آر کار سے ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ میں دو دیگر کاریں، ایک ٹویوٹا کوالیس اور ایک ماروتی سوزوکی سوئفٹ اور مزید تین کنٹینر ٹرک بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) ویسٹ ڈویژن کلدیپ کمار جین نے ایک دستاویز میں کہا، "اس حادثے میں، ویگن آر گاڑی کے چاروں مسافروں کی موت ہوگئی ہے۔ کوالیس گاڑی میں سوار چار افراد بھی زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ سوئفٹ گاڑی میں دو افراد سوار تھے جنہیں بہت معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دی نیوز منٹ کے ان پٹ کے ساتھ
Share this post
