بلدیہ کاؤنسل میٹنگ میں دکانداروں کی جمع شدہ رقم واپس نہ کرنے پر ناراضگی کا کیا گیا اظہار

بھٹکل : یکم اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز) شہر کے بلدیہ کاؤنسل اجلاس میں شہر کے کئی اہم مسائل کو اٹھاتے ہوئے اس پر بحث کی گئی اوردکانداروں کی نیلامی کے وقت جمع شدہ رقم واپس نہ کرنے ، اسی طرح اسٹریٹ لائٹ کی درستگی پر توجہ دینے کی بات کہی گئی ۔اس موقع پر وینکٹیش نائک نامی کونسلر نے دکانداروں کی جانب سے نیلامی کے وقت ان کی جمع شدہ رقم واپس نہ کرنے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ میٹنگ میں یہ بات طئے کی گئی تھی کہ رقم واپس لوٹا ئی اور اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کو ایک خط لکھا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی وہ رقم اب تک نہیں لوٹائی گئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کرایہ ادا کرنے میں تاخیر ہونے پر بلدیہ کی جانب سے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ، اب بلدیہ وہ رقم کیوں نہیں لوٹا رہا ہے۔اس سلسلہ میں چیف آفیسر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کو تحریری اطلاع دی جائے گی جس پر دیگر کاؤنسلروں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوتا تب بھی جمع شدہ رقم لوٹائی جانی چاہیے۔ اسٹریٹ لائٹ کی جلد درستگی پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ کھمبے بدلنے کے وقت اس پر پہلے سے لگائی گئی اسٹریٹ لائٹ ہیسکام والے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اس سلسلہ میں انہیں ایک تحریر دے کر اس طرف ان کی توجہ مبذول کرائی جائے۔ اس موقع پر صدر جناب صادق مٹا ، نائب صدر کے ایم اشفاق ، اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمین قیصر محتشم وغیرہ موجود تھے۔

Share this post

Loading...