کاسرگوڈ 27 جون 2023 (فکروخبرنیوز) وندے بھارت ٹرین میں سفر کرنے والے ایک نوجوان نے مشکلیں اس وقت بڑھ گئیں جب ٹکٹ چیکر کے پہنچنے پر وہ جواب دینے کے قابل نہ رہا اور خود کو بیت الخلاء میں بند کرکے ہنگامہ کھڑا کردیا۔
ڈائجی ورلڈ میں شائع خبر کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں 26 سالہ نوجوان شرن بغیر ٹکٹ کے سوار ہوا ، کچھ ہی دیر میں ٹی ٹی ای کے پہنچنے پر اس نے خود کو بیت الخلاء میں بند کردیا اور ریلوے حکام کی بار بار درخواست کرنے کے بعد بھی وہ دروازہ کھولنے پر راضی نہ ہوا۔
کننور اور کوزی کوڈ ریلوے اسٹیشنز پر کئی لوگوں نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ ریلوے سیکورٹی فورس اور ریلوے پولیس نے اس کے لیے اپنی کوشیں کیں لیکن وہ بھی ناکام رہے۔
ٹرین جب شورنور پہنچی تو تین انجینئروں نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن دروازہ مضبوطی سے بند تھا۔ جب دروازہ کھولنے کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں تو توڑ کر نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔
شروع میں نوجوان نے ہندی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہاراشٹر کا رہنے والا ہے۔ بعد میں گہری پوچھ گچھ کے بعد اس نے تسلیم کیا کہ وہ اپلا کا رہنے والا ہے۔ ریلوے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
Share this post
