بابا رام دیو پہلے بی جے پی لیڈروں کو اخلاق کا سبق پڑھائیں : اصغر چلبل

محمد اصغر چلبل نے مزید کہا ہے کہ بابا رام دیو کو بھی یوگا گرو ہونے کی حیثیت سے یوگا کی تعلیم دینا چاہئے لیکن وہ یوگا میں کم سیاست میں زیادہ دلچسپی لینے لگے ہیں ۔ محمد اصغر چلبل نے مزید کہا ہے کہ بی جے پی وزراء کرناٹک اسمبلی میں موبائل پر بلیو فلم کا مشاہدہ کرتے ہوئے پکڑے گئے جبکہ بی جے پی کے ایک وزیر نے اپنے ہی دوست کی بیوی کے ساتھ دست درازی کی ، بابا رام دیو جواب دیں کہ کیا یہی ہندو سنسکرتی ہے ۔ بابا رام دیو نے مودی کے وزیر اعظم بننے پر سونیا گاندھی کے اٹلی واپس ہونے یا پھر ہندوستا ن میں رہنے کی صورت میں جیل جانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے ۔ اصغر چلبل نے کہا ہے کہ بابا رام دیو کھلی آنکھوں سے یہ خواب دیکھ رہے ہیں ، بابا رام دیو نے بی جے پی کے انتخابی منشور میں رام مندر کی تعمیر کے وعدہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں یقین ہے کہ مردِ آہن نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے پر کروڑوں ہندو عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ایودھیا میں شاندار رام مندر تعمیر کریں گے ۔ محمد اصغر چلبل نے مزید کہا ہے کہ سابق چیف منسٹر دھرم سنگھ نے اس عمر میں بھی نہایت فعال و حرکیاتی رہنماء ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ اُنہوں نے حلقہ لوک سبھا بیدر کی پارلیمنٹ میں کامیاب نمائندگی کی ہے اور بیدر کی ترقی ، مسائل کی یکسوئی کے لئے بھرپور مساعی انجام دی ہے ۔ بابا رام دیو نے یوگا کی تعلیم دینے کے نام پر بیدر کا دورہ کرتے ہوئے بی جے پی اُمیدوار کی کامیابی کے لئے بیان جاری کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔

Share this post

Loading...