شیموگہ 30؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز) راجیا سبھا ممبر اور کانگریس لیڈر بی کے ہری پرساد نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی کے وعدوں کی پول کھول دی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہو ں نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے جاپان کا دورہ کیا تو انہوں نے کہا کہ تجارت ان کے خون میں سرایت کر چکی ہے ، چاناکیا کے مطابق جب بادشاہ تاجر بن جاتا ہے تو عوام فقیر بن جاتے ہیں اور موجودہ صورتحال اس سے کچھ مختلف نہیں ہے۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ عوام کو زندگی گذارنے میں جو پریشانیاں پیش آرہی ہیں وہ سب کے سامنے عیاں ہیں۔ ساڑھے چار سالہ مدت میں کتنی مرتبہ وزیر اعظم نے کسانوں اور مزدوروں کے تعلق سے بیان دیا ؟ یہ چیزیں ٹیلی سکوب کے ذریعہ ڈھونڈنی پڑے گی۔ گجرات ماڈل پر تمسخرانہ انداز میں انہو ں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بنگلورو سے دہلی کے لیے روزانہ ستر سے زائد ہوائی جہاز ہیں ، لیکن احمد آباد سے دہلی کے لیے چند ہی ہوائی جہاز اڑان بھرتے ہیں ، کیا یہی گجرات ماڈل ہے؟؟ انہوں نے مزید کہاکہ آر ایس ایس سے کوئی چیز سیکھنے کے قابل نہیں ہے۔ وہ جھوٹ کو سچ کرکے پیش کرتی ہے، انہو ں نے سابق وزیر اعلی کرناٹک ایڈی پوروپا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیموگہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس ، جے ڈی ایس کی جیت کو یقینی بتایا ہے۔
Share this post
