بھٹکل12؍جون 2024 (فکروخبرنیوز) ایس ایس ایل سی نتائج میں ضلع اترکنڑا میں سرسی کو پہلا اور بھٹکل کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ بھٹکل میں قائم 38 ہائی اسکولوں میں 21 ہائی اسکولوں کا امسال کا ایس ایس ایل سی کا نتیجہ سو فیصد رہا جس میں علی پبلک اسکول بھٹکل بھی شامل ہے۔ علی پبلک کے بوائز اور گرلز دونوں ہائی اسکولوں نے سو فیصد نتیجہ حاصل کیا ہے۔ ان 21 ہائی اسکولوں کے ذمہ دران کو مومنٹو سے نوازا گیا اور ان کی شال پوشی کی گئی ۔
اے کے حافظکا ہال میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر انچارج اتراکنڑا منکال وئیدیا نے کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعہ سے انسان کی ترقی ممکن ہے اور جس معاشرے میں تعلیم نہیں اس کی کوئی پہچان نہیں۔ لہذا اس میدان میں جتنی ہماری محنت اور کوششیں ہوں گی اتنا ہی اچھا نتیجہ برآمد ہوگا۔ انہوں نے ضلع بھر میں بھٹکل کو دوسرا مقام حاصل ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ میرا تعلق بھی اسی تعلقہ سے ہے اور خوشی کا اظہار فطری بات ہے۔ انہوں نے اس میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے حکومت کی جانب سے مزید سہولیات مہیا کرانے بھی یقین دہانی کرائی اور تمام اسکولوں کے ذمہ داران اوراساتذہ اور طلبہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
بی ای او وی ڈی موگیر نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی خوشی کا مقام ہے ضلع بھر میں ہمارے تعلقہ نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے اور خصوصی طور پر انہوں نے علی پبلک اسکول کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 146 طلبہ وطالبات میں تمام کے تمام کا میاب ہونا اور پھر اے گریڈ سے کامیاب ہونا بڑی بات ہے۔
اس کے علاوہ ڈی ٹی پی ایم جی ناگیش اور شریمتی لتا اور بھٹکل تحصیلدار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اوراسکولوں کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔
Share this post
