اے ٹی ایس کے ذریعے پوسد جامع مسجد کے امام گرفتار(مزید اہم ترین خبریں )

انہوں نے انتہائی تشویش اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء مہا راشٹر بے قصوروں کو انصاف دلانے کے لئے ہر محاذ پرقانونی لڑائی لڑے گی ۔ اسی ضمن میں جمعیۃ علماء کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا گیا جس میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے وکلا’کو مدعو کیا گیا ۔مذکورہ اجلاس میں پوری صورت حال کے جائزہ کے لئے سینر کریمنل وکیل ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان کی نگرانی میں وکلاء کی ایک ٹیم کو نامزد کیا گیا ،تاکہ قانونی طور پر مقدمہ نچلی عدالت سے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی لڑا جا سکے اور ساتھ ہی ساتھ حکومت کے رو برو احتجاج درج کیا جا سکے تاکہ کم از کم انسانیت اور انصاف کا نام ہی دکھاوے کے لئے ہی سہی باقی رکھا جائے ۔مولانا ندیم صدیقی کے مطابق موجودہ مرکزی اورریاستی حکو متیں ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت کام کررہی ہیں جس سے ملک کا سیکولر ڈھانچہ بری طرح تباہ ہورہا ہے اور آئین وقانون کی بالادستی تصور ختم ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف قائم کرنے کے لئے ہم آخری سانس تک پوری قوت کے ساتھ لڑیں گے اور تمام بے قصوروں کی قانونی لڑائی لڑتے رہیں گے ۔


چھوٹا راجن کو ابھی نہیں لایا جا سکے گا ہندستان

بالی۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کو انڈونیشیا کے بالی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پروازیں منسوخ ہونے کے سبب آج بھی ہندوستان نہیں بھیجا جا سکا۔ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ آتش فشاں دھماکے کی وجہ بالی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو منگل کو ہی بند کر دیا گیا ہے اور فی الحال یہاں سے جمعرات کی صبح تک پروازیں شروع نہیں ہو سکیں گی۔چھوٹا راجن کو ایک پرواز سے ہندستانی وقت کے مطابق کل رات سات بجے ممبئی بھیجا جانا تھا لیکن بالی ہوائی اڈے بند ہونے کی وجہ سے اسے نہیں بھیجا جا سکا تھا۔ اسکے بعد امید تھی کہ اسے آج صبح بھیجا جائے گا لیکن پروازیں شروع نہ ہو پانے کی وجہ ایسا نہ ہو سکا۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، ممبئی پولیس اور دہلی پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم چھوٹا راجن کو لانے بالی پہنچی ہوئی ہے ۔دریں اثنا چھوٹا راجن نے بالی میں جیل سے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت میں الزام لگایا ہے کہ ممبئی پولیس کے کچھ حکام اور انڈرورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کے درمیان ساز باز ہے ۔ اس نے کہا کہ ممبئی پولیس کے کچھ اہلکار داؤد کیلئے کام کرتے ہیں اور حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ اس نے کہا کہ اسے داؤد سے کوئی خوف نہیں ہے اور وہ داؤد اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا۔ اس نے الزام لگایا کہ ممبئی پولیس نے اس پر بہت ظلم کئے ہیں۔ یہ پوچھنے پر وہ ممبئی جانا چاہتا ہے یا دہلی، چھوٹا راجن نے کہا ‘اس کا فیصلہ مرکزی حکومت کو کرنا ہے ۔ حکومت مجھے کہیں بھی رکھ سکتی ہے ، لیکن میرے ساتھ انصاف ہونا چاہیے ۔ مجھ پر سارے مقدمے جھوٹے ہیں’۔ واضح رہے کہ 55 سالہ چھوٹا راجن پر قتل، جبری وصولی اور اغوا کے تقریباً 75 مقدمے ہیں۔ اسے 26 اکتوبر کو انڈونیشیا کے بالی میں گرفتار کیا گیا تھا۔


اسٹالن کو اپنا جانشین قرار نہیں دیا ہے :کروناندھی

چنئی۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) دراوڑ منیتر کزگم (ڈی ایم کے ) کے سربراہ ایم کروناندھی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دوسرے بیٹے ایم کے اسٹالن کو اپنا جانشین قرار نہیں دیا ہے ۔ ایک انگریزی اخبار سے بات چیت میں مسٹر کروناندھی نے کل کہا کہ وہ جانشین کا اعلان خود نہیں کر سکتے ۔ اس کا فیصلہ جمہوری طریقے سے پارٹی کی ایگزیکٹو اور جنرل کونسل کی منظوری کے بعد ہی ہو پائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اسٹالن ہر طرح سے پارٹی کی کمان سنبھالنے کے قابل ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے مسٹر کروناندھی نے اسٹالن کو جانشین کے طور پر اپنی پہلی پسند بتایا تھا۔


ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کی خودکشی کی کوشش ’ پانچ ڈوبے 

حیدرآباد۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد نے خودکشی کی کوشش کی جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ تما راجو تالاب میں ان افراد نے خودکشی کی کوشش کی جس میں سے پانچ افراد تالاب میں غرق ہوگئے جبکہ تین افراد کو مقامی عوام نے بچالیا ۔ ان کی شناخت دورنی پاڈو منڈل کے کشٹی پاڈو کے رہنے والے تاجر رامیا کے ارکان خاندان کے طور پر کی گئی ہے ۔ خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ۔


سماج دشمن عناصر نے توڑا امبیڈکر کا مجسمہ 

لکھنؤ۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) کاکوری کے دونا گاؤں میں گاؤں سماج کی زمین پر لگے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو کچھ سماج دشمن عناصر نے توڑدیا ۔ صبح جب گاؤں والوں نے مجسمہ دیکھا تو درجنوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور ہنگامہ کرنے لگے ۔ موقع پر پہنچی کاکوری پولیس نے ان لوگوں کو کسی طرح سمجھا بجھاکر خاموش کرایا ۔ سی او ملیح آباد جاوید خاں نے بتایا کہ دونا گاؤں کے باہر ایک گاؤں سماج کی زمین پر ڈاکٹر بھیم راؤامبیڈکر کا مجسمہ لگاہے ۔دوشنبہ کی دیر شب سماج دشمن عناصر نے مجسمہ توڑ دیا ۔ منگل کی صبح جب گاؤں والے سو کر اٹھے تو ان کو امبیڈکر مجسمہ ٹوٹا ملا ۔ یہ خبر آگ کی طرح گاؤں میں پھیل گئی ۔موقع پر درجنوں کی تعد میں لوگ جمع ہوگئے اور ہنگامہ کرنے لگے ۔اطلاع ملتے ہی موقع پر کاکوری پولیس پہنچ گئی ۔پولیس نے ناراض لوگوں سے بات چیت کرکے انہیں خاموش کرایا۔پولیس نے توپہلے ٹوٹی مورتی کی جگہ نیا مجسمہ قائم کرنے کا یقین دلایا اس کے بعد لوگوں کا غصہ کم ہوا ۔ آخر میں پولیس نے اس معاملہ میں نامعلوم لوگوں کے خلاف امبیڈ کر کا مجسمہ تورنے کی رپورٹ درج کی ۔ایس او نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی مجسمہ توڑنے والوں کو نشانزد کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ دیر شام تک نیا مجسمہ قائم کئے جانے تک دیہی باشندے دھرنے پر بیٹھے رہے اور پولیس فورس بھی موجود رہی ۔ 


اپارٹمنٹ میں کھڑی وکیل کی کار میں لگی آگ 

لکھنؤ۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) چنہٹ کے کے گوئل اپارٹمنٹ میں ہائی کورٹ کے ایک وکیل کے کار کو دوشنبہ کی دیر شب کچھ لوگوں نے نذر آتش کردی ۔ موقع پر فائربریگیڈ کی ایک گاڑی پہنچنے سے پہلے ہی لوگوں نے آگ پر قابو پالیاتھا ۔وکیل کا الزام ہے کہ ان کی کار کو اپارٹمنٹ میں رہنے والے کچھ طلباء نے نذرآتش کیاہے ۔ فی الحال انہوں نے اس سلسلے میں نامعلوم لوگوں کے خلاف چنہٹ کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ چنہٹ کے فیض آباد روڈ واقع گوئل اپاٹمنٹ کے فیز ۳ فلیٹ نمبر ۱۰۱ میں ہائی کورٹ کے وکیل روی سنگھ سسودیا اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں ۔بتایاجاتاہیکہ دوشنبہ کی دیر شب روی کی ایلٹوکار اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں کھڑی تھی ۔ رات تقریباً ڈھائی بجے لوگوں نے کار کے اوپر پٹرول ڈال کر نذرآتش کردیا ۔ کار میں آگ دیکھ کر وہاں موجود گارڈ نے شور مچادیا ۔ شورہوتے ہی وکیل اور دیگر لوگ بھی وہاں پہنچے ۔اطلاع ملتے ہی موقع پر چنہٹ پولیس اور فائربریگیڈ کی ایک گاڑی بھی پہنچ گئی ۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچنے سے پہلے ہی گارڈ اور دیگر لوگوں نے آگ پر قابو پالیا تھا۔ آگ لگنے سبب روی کی کار کا باہری حصہ جل گیا ۔ اس معاملہ میں منگل کو روی نے نامعلوم لوگوں کے خلاف کار میں آگ لگانے کی روپورٹ درج کرائی ۔ 


ٹرین کی زد میں آکر خاتون کی موت

کانپور۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) گوبند نگر ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی زد میں آنے سے خاتون کی موت ہوگئی ۔ گجینی روی داس علاقے میں رہنے والے سنجے گپتا پرائیویٹ نوکری کرتے ہیں۔ کنبہ میں اہلیہ کے علاوہ تین بچے ہیں ۔شوہر نے بتایاکہ دوشنبہ کو ان کی اہلیہ میرا جھانسی کے رہنے والے رشتہ دار کے گھر جانے کیلئے نکلی ۔ لیکن وہاں نہیں پہنچی ۔ منگل کو جب رشتہ دار کا فون آیا تو سنجے نے اہلیہ کے بارے میں پوچھا لیکن میرا کے نہ آنے پر کنبہ والے پریشان ہوگئے اور خاتون کی تلاش کی ۔ تھانے اور سینٹرل اسٹیشن پر اہلیہ کی تلاش کرتے ہوئے منگل کو سنجے پوسٹ مارٹم ہاؤس پہنچے ۔لاش گھر میں رکھی لاش کی شناخت سنجے نے اپنی بیوی کی شکل میں کی ۔


زمینی تنازعہ میں فائرنگ ، نصف درجن افراد زخمی

بریلی۔04نومبر(یو این این) زمینی تنازعہ کے سلسلے میں دو فریق کے درمیان چل رہے تنازعہ میں آج ہوئی مارپیٹ اور فائرنگ میں دونوں طرف کے نصف درجن افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کے علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ معاملے کی رپورٹ درج کرادی گئی ۔ عزت نگر تھانہ حلقہ کے گاؤں عبداللہ پور میں آج صبح ہوئی مارپیٹ اور فائرنگ میں زخمی ایک طرف کے ہمانچل ، اس کے بھائی رام سنگھ اور اس کے اہلیہ رام پیاری اور دوسرے فریق کی ویراوتی ، ویر پال اور چھوٹے لال زخمی ہوگئے ۔ ویراوتی نے بتایاکہ اس نے کچھ دن قبل ہمانچل کے ایک رشتہ دار کی زمین خریدی تھی ۔ جس کے کوئی بھی اولاد نہیں تھی ۔ جس کے سبب ہمانچل اور اس کے بھائی اس زمین پر اپنا قبضہ کرنا چاہتے تھے اور آج جب وہ زمین پر تعمیری کام کرانے کی کوشش کررہی تھی تو دوسرے فریق نے اعتراض کرتے ہوئے تنازعہ کھڑ اکردیا ۔ وہیں ہمانچل نے بتایاکہ ویراوتی ان کے گھر کے راستے پر قبضے کی کوشش کررہی تھی اور روکنے پر اس نے گالی گفتاری کی ۔ جس سے میراوتی کی طرف سے لوگ موقع پر آگئے اور لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کردیا ۔ اسی دوران دونوں فریق کی جانب سے فائرنگ کی گئی ۔ جس سے گاؤں میں افراتفری مچ گئی ۔ میراوتی نے بتایاکہ ہمانچل کے بھتیجے سدیش اور منگلی طمنچوں سے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔ واردات کے بعد اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے نصف درجن زخمیوں کو ضلع اسپتال داخل کرایا اور رپورٹ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی ۔ 


دیوالی اور چھٹ پر ٹرانسپورٹ محکمہ چلائے گا اضافی بسیں 

گورکھپور۔04نومبر(فکروخبر/ذرائع) دیوالی اور چھٹ تہوار پر مسافروں کی بھیڑ کے پیش نظر ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اسپیشل بسیں چلانے کا فیصلہ کیاہے۔ یومیہ چل رہی بسوں کے علاوہ۲ ۴ بسیں دہلی ، کانپور، لکھنؤ، الہ آباداور وارنسی کیلئے چلیں گی ۔ موجودہ وقت میں گورکھپور سے دہلی کے لئے ۲۲، کانپور کے لئے ۹ ، لکھنؤ کیلئے ۴۸ ، الہ آباد کے لئے ۹ اور وارنسی کیلئے ۸ بسیں چلائی جاری ہیں ۔ دیوالی اور چھٹ پر مسافروں کی ہونے والی بھیڑ کو دھیان میں رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ محکمہ نے تیاری شروع کردی ہے۔ دونوں ہی تہواروں میں دہلی کے لئے ۹، کانپور کے لئے ۶، لکھنؤ کے لئے۰ ۲، الہ آباد کیلئے ۴اور وارانسی کیلئے ۳ اضافی بسیں چلانے کی تیاری ہیں۔ مسافروں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اس کیلئے دہلی ، لکھنؤ، الہ آباد اور کانپور کی بسوں میں گورکھپور ڈپو کی ایک ملازم کی ڈیوٹی بھی لگائی جائے گی ۔ دہلی سے چلنے والی بسوں کی اوقات کی اطلاع بس اسٹیشن پر مل سکے اس کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ۔ 

Share this post

Loading...