بنگلورو 29/ ستمبر 2019(فکروخبر/ذرائع) جمعہ کی شام شہر کے ایچ بی آر لے آؤٹ میں فلمی انداز میں اے ٹی ایم میں رقم ڈالنے جارہی بینک کی گاڑی کے ڈرائیور نے 99لاکھ کی رقم لوٹ لی اور لاکر سمیت اس گاڑی کو راستہ پر ہی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ پولیس اطلاعات کے مطابق اے ٹی ایم میں رقم بھرنے والی رائسٹرس ایجنسی کے وین ڈرائیور سمیت 3 افراد کل کمنہلی مین روڈ پر واقع آئی سی آئی سی آئی بینک کے اے ٹی ایم میں رقم ڈالنے گن مین کیشئر اور ڈرائیور تینوں آئے تھے۔ اے ٹی ایم میں رقم بھرنے ایک فرد گیا تھا، دونوں گن مین اس وین سے اتر کر تھوڑی دوری پر کھڑے تھے۔ اس درمیان وین ڈرائیور منڈیا کے مقیم پون نے اچانک رقم کے لاکر والی اس وین کو تیزی سے وہاں سے بھگالے گیا۔ دونوں گن مین نے وین کا پیچھا کیا مگروہ گاڑی بھگالے جانے میں کامیاب رہا۔ اس نے ایچ بی آئی لے آؤٹ میں گاڑی روک کر لاکر توڑنے کی کوشش کی جس میں کروڑوں کی رقم تھی مگر دوسری بینک اے ٹی ایم میں ڈالنے لاکر سے نکالی گئی 99لاکھ کی رقم سمیت وہ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ بانسواڈی پولیس نے اے ٹی ایم اور آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا اور مفرور ڈرائیور پون کی گرفتاری کے لیے جال بچھادیا ہے۔ کل رات ہی سے اس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرائیور کے موبائل فون کے ٹاور لوکیشن کا وہ پتہ لگارہے ہیں اور جلد ہی اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔
(ایس این بی)
Share this post
