منگلورو 30/ دسمبر 2019(فکروخبر/ایس این بی) منگلور میں 19دسمبر کو ہوئے لاٹھی چارج اور فائرنگ میں زخمی ہونے والے سابق میئر اشرف جس اسپتال میں داخل ہیں وہاں پولیس نے بلا اجازت گھس کر ان کو دھمکی دی ہے۔ اشرف نے منگلور ایسٹ پولیس اسٹیشن میں یہ شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19دسمبر کو پولیس لاٹھی چارج اور فائرنگ کے دوران وہ زخمی ہوگئے تھے اور علاج کے لیے ایک پرائیوٹ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھے۔ اس کے بعد ان کو دوسری منزل کے کمرہ نمبر 215میں منتقل کردیا گیا تھا۔ انہو ں نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہا ہے کہ ان سے ملاقات کرنے کی خواہش رکھنے والو ں کو اسپتال آنے کی جازت نہیں دی جارہی ہے۔ 25دسمبر کی آدھی رات تقریباً ایک بجے اچانک چار تا پانچ پولیس والے اسپتال کے اندر گھس آئے اور مجھے دھمکی دینے کے انداز میں ویڈیو گرفی کرنے لگے۔ اس واقعہ سے میں اور میری اہلیہ او رمیری بہن کے لڑکے عاصم کو بہت ذہنی اذیت پہنچی ہے۔ اشرف نے شکایت میں کہا ہے کہ پولیس نے اس طرح بلااجازت راتوں رات اسپتال کے کمرے میں گھس کر ان کو جو دھمکی دی ہے وہ بات ان کی پرائیویٹ زندگی میں مداخلت کے مترادف ہے، ایسا کرنے والے پولیس والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اشرف نے مانگ کی ہے۔
Share this post
