اسدالدین اویسی کی پارٹی کو ملی ہبلی عیدگاہ میں ٹیپو جینتی منانے کی اجازت

بنگلورو 10؍ نومبر 2022(فکروخبر/ذرائع) حیدرآباد کے سیاست دان اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کو اگلے ماہ کرناٹک کے ہبلی کے عیدگاہ گراؤنڈ میں میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش منانے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔یاد رہے کہ یہ عیدگاہ اگست میں گنیش چترتھی کی تقریبات کو لے کر ایک بڑے تنازع کا مرکز رہی تھی۔

اے آئی ایم آئی ایم اور کچھ دیگر تنظیموں نے کرناٹک کے ہبلی کے عیدگاہ میدان میں ٹیپو جینتی منانے کی اجازت کے لیے میونسپل کارپوریشن سے رجوع کیا تھا۔ شہری ادارہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ اے آئی ایم آئی ایم کی درخواست کو قبول کر رہی ہے۔

ان کی درخواست کو سری رام سینا نے چیلنج کیا تھا جس نے گراؤنڈ میں کنکاداسا جینتی منانے کی درخواست پیش کی تھی۔

میئر ویریش انچاتگیری نے قبل ازیں نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا تھا کہ عیدگاہ میدان میں مذہبی سرگرمیاں کی جا سکتی ہیں، لیکن ’’کسی بڑے لیڈر کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

کرناٹک کے وزیر داخلہ اراگا جانیندرا نے اے این آئی کو بتایا کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جو ہبلی- دھارواڑ مہانگرا پالیکے اور میئر سے متعلق ہے، کرناٹک کے وزیر اعلی اس کا جائزہ لیں گے۔"

اگست کے شروع میں کرناٹک ہائی کورٹ نے گنیش چترتی کی تقریبات کو گراؤنڈ میں منانے کی اجازت دی تھی۔

ایک مقامی مسلم تنظیم نے وہاں تقریبات کی اجازت دینے کے شہری ادارے کے اقدام کا مقابلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میونسپل کمشنر "عبادت گاہ کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جب معاملہ سپریم کورٹ میں گیا تو اس نے بھی تقریبات روکنے سے انکار کر دیا، یہ پہلی بار ہوا کہ ہندو تہوار گراؤنڈ میں منایا گیا۔

Share this post

Loading...